پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہریش کمار کی غزلیں — Harish Kumar Ghazals

ہریش کمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گو اس کی تلخ مزاجی کا کچھ حساب نہیں (غزل)

گو اس کی تلخ مزاجی کا کچھ حساب نہیں

وہ بد زباں ہے مگر آدمی خراب نہیں

سلگتے ہونٹوں کی ادنیٰ سی اک گزارش پر

ادا و ناز سے بولے نہیں جناب نہیں

پکارتے جو مجھے پیار سے تو آ جاتے

حیا کا آنکھ پہ پہرہ تھا کوئی حجاب نہیں

میں انتخاب ترا کیا ہوا محبت میں

زمانہ کہتا ہے میرا کوئی جواب نہیں

ذرا نگاہ تو ڈالیں حضور ساغر پر

کہ لوگ کہتے ہیں شربت ہے یہ شراب نہیں

ترے ہی نام سے رسوا ہوں میں زمانے میں

مگر یہ لگتا ہے اس سے بڑا خطاب نہیں

رقم ہے یاد گزشتہ تو مختصر دل پر

پڑھو تو لگتا ہے دل سے بڑی کتاب نہیں

کوئی جب دل پہ چھا جائے سمجھ لینا محبت ہے (غزل)

کوئی جب دل پہ چھا جائے سمجھ لینا محبت ہے

حسیں منظر جو تڑپائے سمجھ لینا محبت ہے

شجر مدہوش موسم میں گلے آپس میں مل جائیں

تمہیں رشک ان پہ آ جائے سمجھ لینا محبت ہے

امڑتی جب ندی کوئی دلوں کی پیاس بھڑکائے

سمندر دل میں لہرائے سمجھ لینا محبت ہے

گلوں پہ بیٹھا بھنورا دیکھ کمسن دیر تک سوچے

خلا میں دیکھ مسکائے سمجھ لینا محبت ہے

کسی تنہا شجر پر جب کوئی پھولوں بھری الھڑ

لتا بل کھا کے چڑھ جائے سمجھ لینا محبت ہے

کسی ہم راز سے سن کر کوئی ایک نام پیارا سا

نظر چپ چاپ جھک جائے سمجھ لینا محبت ہے

کبھی باد صبا کے مست جھونکے کی خوشامد پر

کلی منہ پھیر شرمائے سمجھ لینا محبت ہے

غزالہ کی طرح آنکھیں بنا کارن بھٹکتی ہوں

جو دل بے وجہ گھبرائے سمجھ لینا محبت ہے

تصور میں کھنک کر کان میں پائل کی اک کھن کھن

دلوں میں درد بھر جائے سمجھ لینا محبت ہے

ادھورے چاند کو بدلی شرارت سے کبھی چومے

کوئی من ہی میں مسکائے سمجھ لینا محبت ہے

کسی تتلی کو اڑتی دیکھ کر پھولوں سے جب اپنی

نظر اشکوں سے بھر جائے سمجھ لینا محبت ہے