حارث علی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بری نظروں سے تب ہی ہم دیکھتے ہیں (غزل)
بری نظروں سے تب ہی ہم دیکھتے ہیں
ہمیں یہ خبر ہے وہ کم دیکھتے ہیں
یہ کس نے کہا ہے کہ کم دیکھتے ہیں
نہ تم دیکھ پاؤ جو ہم دیکھتے ہیں
انہیں کیا خبر جا چکا ہے کبھی کا
ہمارا وہ اب آ کے دم دیکھتے ہیں
وہ دھمکا گئے مرتے مرتے بھی مجھ کو
تجھے تو ہم اگلے جنم دیکھتے ہیں
اے قاصد خود ان کو مرا حال کہنا
زیادہ وہ سنتے ہیں کم دیکھتے ہیں
جو پوچھی پسندیدہ شے دیکھنے میں
کہا شوق سے تیرا غم دیکھتے ہیں
کبھی ہم سے منہ پھیرتے ہیں وہ اپنا
پلٹ کر کبھی ایک دم دیکھتے ہیں
مگن ہیں وہ اپنے خیالوں میں حارثؔ
یہ ان کی بلا سے کہ ہم دیکھتے ہیں
ہر نظر کو حشر میں اک حشر برپا چاہیے (غزل)
ہر نظر کو حشر میں اک حشر برپا چاہیے
اور انہیں محشر میں بھی سر کا دوپٹہ چاہیے
بندہ پرور یہ کھلونا تو نہیں جو پھینک دیں
صاف کہہ دیجے نہیں دل چاہیے یا چاہیے
دیجیے دو چار تحفے میں غضب کی گالیاں
ہم کو اگلے ماہ کا اس ماہ خرچہ چاہیے
دے گئے غیر اپنا دل تحفے میں ان کو اور ہم
پوچھتے ہی رہ گئے کیا چاہیے کیا چاہیے
شرم میں انکار وہ بوسے کو کرتے رہ گئے
پھر جھجھک کر کہہ دیا آخر کو اچھا چاہیے
جان جائے پر نہیں منظور حارثؔ مرگ دل
عاشقوں کا قبر میں بھی دل مچلنا چاہیے