پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہری چند اختر کی غزلیں — Hari Chand Akhtar Ghazals

ہری چند اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ملے گی شیخ کو جنت، ہمیں دوزخ عطا ہوگا (غزل)

ملے گی شیخ کو جنت، ہمیں دوزخ عطا ہوگا

بس اتنی بات ہے جس کے لیے محشر بپا ہوگا

رہے دو دو فرشتے ساتھ اب انصاف کیا ہوگا

کسی نے کچھ لکھا ہوگا کسی نے کچھ لکھا ہوگا

بروز حشر حاکم قادر مطلق خدا ہوگا

فرشتوں کے لکھے اور شیخ کی باتوں سے کیا ہوگا

تری دنیا میں صبر و شکر سے ہم نے بسر کر لی

تری دنیا سے بڑھ کر بھی ترے دوزخ میں کیا ہوگا

سکون مستقل دل بے تمنا شیخ کی صحبت

یہ جنت ہے تو اس جنت سے دوزخ کیا برا ہوگا

مرے اشعار پر خاموش ہے جز بز نہیں ہوتا

یہ واعظ واعظوں میں کچھ حقیقت آشنا ہوگا

بھروسہ کس قدر ہے تجھ کو اخترؔ اس کی رحمت پر

اگر وہ شیخ صاحب کا خدا نکلا تو کیا ہوگا

کلیوں کا تبسم ہو، کہ تم ہو کہ صبا ہو (غزل)

کلیوں کا تبسم ہو، کہ تم ہو کہ صبا ہو

اس رات کے سناٹے میں، کوئی تو صدا ہو

یوں جسم مہکتا ہے ہوائے گل تر سے!

جیسے کوئی پہلو سے ابھی اٹھ کے گیا ہو

دنیا ہمہ تن گوش ہے، آہستہ سے بولو

کچھ اور قریب آؤ، کوئی سن نہ رہا ہو

یہ رنگ، یہ انداز نوازش تو وہی ہے

شاید کہ کہیں پہلے بھی تو مجھ سے ملا ہو

یوں رات کو ہوتا ہے گماں دل کی صدا پر

جیسے کوئی دیوار سے سر پھوڑ رہا ہو

دنیا کو خبر کیا ہے مرے ذوق نظر کی

تم میرے لیے رنگ ہو، خوشبو ہو، ضیا ہو

یوں تیری نگاہوں میں اثر ڈھونڈ رہا ہوں

جیسے کہ تجھے دل کے دھڑکنے کا پتا ہو

اس درجہ محبت میں تغافل نہیں اچھا

ہم بھی جو کبھی تم سے گریزاں ہوں تو کیا ہو

ہم خاک کے ذروں میں ہیں اخترؔ بھی، گہر بھی

تم بام فلک سے، کبھی اترو تو پتا ہو