پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہریندر شرما پاشان کی غزلیں — Harendra Sharma Pashan Ghazals

ہریندر شرما پاشان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سفر آسان ہوتا جا رہا ہے (غزل)

سفر آسان ہوتا جا رہا ہے

بہت نقصان ہوتا جا رہا ہے

پرندہ قید میں ہے اور خوش ہے

قفس حیران ہوتا جا رہا ہے

گھٹن ہے بے قراری اور خموشی

بدن زندان ہوتا جا رہا ہے

یقیناً زخم سارے بھر گئے ہیں

پہ دل ہلکان ہوتا جا رہا ہے

کہاں کو جا رہے ہیں سب پرندے

شجر ویران ہوتا جا رہا ہے

اس کے زخموں کا یوں صلہ دینا (غزل)

اس کے زخموں کا یوں صلہ دینا

گلے لگنا اسے دعا دینا

رکنے والوں سے التجا کیسی

جانے والوں کو کیا صدا دینا

ایک مدت کے بعد ہم پہ کھلا

کتنا آسان تھا بھلا دینا

اپنے آغوش میں اسے پا کر

اک ہنر ہے اسے گنوا دینا

پوچھے جو کوئی زندگی کیا ہے

مشت بھر خاک تم اڑا دینا