پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہر بھجن سنگھ سوڑھی بسمل کی غزلیں — Harbhajan Singh Sodhi Bismil Ghazals

ہر بھجن سنگھ سوڑھی بسمل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھنا ہو گر اسے ہستی مٹا کر دیکھ لو (غزل)

دیکھنا ہو گر اسے ہستی مٹا کر دیکھ لو

ہے نظر کے سامنے خود کو چھپا کر دیکھ لو

شیشۂ دل کو ہمارے اک نگہ سے دیکھ لو

پھر اسی انداز سے تیغ آزما کر دیکھ لو

گور مجنوں پہ جو لیلہ نے کہا کیا حال ہے

قبر سے آئی صدا پردہ اٹھا کر دیکھ لو

میں کوئی موسیٰ نہیں جو دیکھ کر آ جاوے غش

گر نہیں باور مجھے جلوہ دکھا کر دیکھ لو

لب شکایت کو کہیں ہل جاویں تو پھر ضبط کیا

ایک کیا سو بار بندے کو ستا کر دیکھ لو

کیا کہوں کیا حال ہے دل کا تمہارے ہجر میں

بس کے خود آنکھوں میں اور دل میں سما کر دیکھ لو

عمر بھر گلزار ہستی کی نہ ہوگی آرزو

بلبل دل کو مرے قیدی بنا کر دیکھ لو

جلوۂ حسن دو عالم ہے اسی دربار میں

سنگ در پر ان کے بس سر کو جھکا کر دیکھ لو

آشیانہ فقر کا ہر برگ ہر ٹہنی پہ ہے

جتنے دل چاہیں جلانے ہوں جلا کر دیکھ لو

میرے آئینے میں خود بینی کے ساماں ہی نہیں

عکس جاناں سے بھرا رہتا ہے آ کر دیکھ لو

غم نہیں بجلی گرے جل جائے دل ہو جائے خاک

ارض اک بسملؔ کی ہے کہ مسکرا کر دیکھ لو

آ ادھر آ حوصلہ گر کچھ ہے قاتل اور بھی (غزل)

آ ادھر آ حوصلہ گر کچھ ہے قاتل اور بھی

دیکھتا جا شوق وصل روح بسمل اور بھی

دیکھ کر مقتل میں جوش خون بسمل اور بھی

چڑھ گیا اک دم دم شمشیر قاتل اور بھی

جب سے اپنا کعبۂ دل جلوہ گاہ یار ہے

بڑھ گئی ہے عاشقوں میں عظمت دل اور بھی

چاہنے والا ترا اک میں ہی تو تنہا نہیں

شکر ہے اس جرم الفت میں ہیں شامل اور بھی

دیکھیے پھر کس طرح ہوتا نہیں ان پر اثر

کاش سن لیتے نوائے پردۂ دل اور بھی

چشم ساقی ہو ادھر بھی دورۂ جام نگاہ

ہیں درون خانۂ الفت میں ہیں شامل اور بھی

میں تو پہلے ہی سے نذر آسیائے چرخ تھا

عشق نے رکھ دی مرے سینے پہ اک سل اور بھی

میں تو تیرا ہو لیا تو بھی تو ہو میرا کبھی

تیری نظر مہر کو تکتے ہیں بسملؔ اور بھی

اٹھ کے در سے تمہارے اگر جائیں گے (نظم)

اٹھ کے در سے تمہارے اگر جائیں گے

تم ہی کہہ دو کہاں اور کدھر جائیں گے

جاں دے دیں گے ہم پہ مر جائیں گے

جاں نثاروں میں نام اپنا کر جائیں گے

تیرے عاصی بھی ہیں تجھ سے الفت بھی ہے

قہر بھی تیرا تیری رحمت بھی ہے

تیرا دوزخ بھی ہے تیری جنت بھی ہے

تو جدھر بھیج دے گا ادھر جائیں گے