پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حقی حزیں کی غزلیں — Haqqi Hazeen Ghazals

حقی حزیں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل ہے تو دل میں درد محبت کہاں نہیں (غزل)

دل ہے تو دل میں درد محبت کہاں نہیں

یہ ربط خاص اور یہ نسبت کہاں نہیں

آنکھوں میں جو بسی ہے وہ صورت کہاں نہیں

وہ جان عشق جان محبت کہاں نہیں

یہ اور بات ہے کہ مرے لب خموش ہیں

ورنہ زباں پہ تیری شکایت کہاں نہیں

دنیا ہے اور ضبط محبت کی کوششیں

افشا مگر یہ راز حقیقت کہاں نہیں

تسلیم راہ عشق کی دشواریاں مگر

تم ساتھ ہو تو گوشۂ راحت کہاں نہیں

جام شراب ساقیٔ نوخیز گلستاں

جنت اگر یہی ہے تو جنت کہاں نہیں

آگے ہیں مجھ سے بھی مری رسوائیاں حزیںؔ

اس اعتبار سے مری شہرت کہاں نہیں

بے ارادہ جو تری یاد کبھی آتی ہے (غزل)

بے ارادہ جو تری یاد کبھی آتی ہے

بھول جانے کے ارادے پہ ہنسی آتی ہے

بھیگ جاتی ہیں اب آنکھیں جو ہنسی آتی ہے

غم کا احساس بڑھانے کو خوشی آتی ہے

آج تک ہو نہ سکی ذوق خلش کی تکمیل

آج تک یاد تری کم نگہی آتی ہے

آپ سنتے تو ہیں روداد غم عشق مگر

دیکھیے دیکھیے آنکھوں میں نمی آتی ہے

دل کبھی ہو نہ سکے گا تہی ارماں کہ حزیںؔ

کہیں سرمایۂ غم میں بھی کمی آتی ہے