پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حقیر جہانی کی غزلیں — Haqeer Jahani Ghazals

حقیر جہانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق وہ مشک ہے جو لاکھ چھپائے نہ چھپے (غزل)

عشق وہ مشک ہے جو لاکھ چھپائے نہ چھپے

داغ ہم سے بھی محبت کے لگائے نہ چھپے

جلوہ گر جیسے پس ابر مہ کامل ہو

رخ زیبا وہ ستم گر نہ دکھائے نہ چھپے

حسن کو ہوش ربا نیم حجابی نے کیا

وہ کبھی صاف مرے سامنے آئے نہ چھپے

بے وفائی سے وہ اپنی رہے منکر لیکن

ان کی آنکھوں میں بسے عکس پرائے نہ چھپے

سی لیا چاک دہن راز چھپانے کو مگر

اشک آنکھوں نے مسلسل جو بہائے نہ چھپے

شب تاریک نے رکھا تھا بھرم کتنوں کا

جب لگی آگ اجالا ہوا سائے نہ چھپے

خوف رسوائی رہا خواہش قربت بھی حقیرؔ

ہم ملا ان سے نگاہوں کو نہ پائے نہ چھپے

اب کس کی جستجو ہو تری جستجو کے بعد (غزل)

اب کس کی جستجو ہو تری جستجو کے بعد

جچتا نہیں ہے کوئی تری آرزو کے بعد

ترک وفا کے بعد ہے تجدید التفات

مثل لباس کہنہ جو پہنا رفو کے بعد

کرتے ہیں بہکی بہکی سی باتیں جناب شیخ

آتے ہیں آپ ہوش میں صرف سبو کے بعد

لازم نہیں کہ جنگ و جدل سے ہی کام لیں

ہو جائے مسئلوں کا جو حل گفتگو کے بعد

دل اپنا ہی رقیب یوں ہونے لگا حقیرؔ

کوئی شقی کبھی نہ رہا اس عدو کے بعد