ہربنس لال انیجہ جمالؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم آئے جب نہیں ناکام لوٹ جانے کو (غزل)
تم آئے جب نہیں ناکام لوٹ جانے کو
تو آؤ خاک کرو دل کے آشیانے کو
بجھا بجھا سا ہے کیوں آج اداس اداس ہے دل
ہے کوئی کوہ الم اور ٹوٹ جانے کو
ہے آرزوئے دل سوگوار لکھتا رہوں
تمام عمر ترے عشق کے فسانے کو
بشر کی تنگ دلی اس سے بڑھ کے کیا ہوگی
قفس سمجھتا رہے اپنے آشیانے کو
یہ شعر و فن یہ مے و نغمہ یہ شباب و رباب
یہ بخششیں ہیں غم زندگی بھلانے کو
دہن دہن یہ اداسی نظر نظر یہ ملال
الٰہی کون سا غم ڈس گیا زمانے کو
جمالؔ اور بھی سلگا گیا یہ آتش غم
اٹھایا جام جو دل کی لگی بجھانے کو
اشکوں کا مری آنکھ سے پیغام نہ آئے (غزل)
اشکوں کا مری آنکھ سے پیغام نہ آئے
الزام یہ اے دوست تیرے نام نہ آئے
کیا کیجیئے درمان مریض غم الفت
جب کوئی دوا اور دعا کام نہ آئے
پھر مجمع اغیار تہ بام کھڑا ہے
اس شوخ سے کہہ دو کہ لب بام نہ آئے
افسانہ مرا زیب لب بلبل و گل ہے
ڈرتا ہوں کہیں آپ پہ الزام نہ آئے
کیا درد کے ماروں پہ وہ کرتے ہیں عنایت
ایسا ہے تو اے دل مجھے آرام نہ آئے
اے ساقی مے خانہ ترے دور میں یہ کیا
ترسا کریں ہم اور کوئی جام نہ آئے
اک بار اتر جائے جو ساقی کی نظر سے
تا عمر جمالؔ اس کی طرف جام نہ آئے