پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ہینسن ریحانی کی غزلیں — Hanson Rehani Ghazals

ہینسن ریحانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آج سودائے محبت کی یہ ارزانی ہے (غزل)

آج سودائے محبت کی یہ ارزانی ہے

کام بیکار جوانوں کا غزل خوانی ہے

غم کی تکمیل کا سامان ہوا ہے پیدا

لائق فخر مری بے سر و سامانی ہے

سنگ و آہن تو بنے آئینے ان کی خاطر

دل نہ آئینہ بنا سخت یہ حیرانی ہے

مجھ سے اس درجہ خفا کیوں ہو کوئی پردہ نشیں

آرزو دید کی جب فطرت انسانی ہے

فیصلہ دل کا محبت میں ہے رہبر اپنا

فکر کیا منزل جاناں اگر انجانی ہے

وہ کریں یا نہ کریں اپنی جفا سے توبہ

میرے دل کو مگر احساس پشیمانی ہے

رنگ یہ ہے اب ہمارے عشق کی تاثیر کا (غزل)

رنگ یہ ہے اب ہمارے عشق کی تاثیر کا

حسن آئینہ بنا ہے درد کی تصویر کا

ایک عرصہ ہو گیا فرہاد کو گزرے ہوئے

آؤ پھر تازہ کریں افسانہ جوئے شیر کا

گلستاں کا ذرہ ذرہ جاگ اٹھے عندلیب

لطف ہے اس وقت تیرے نالۂ شب گیر کا

لیجئے اے شیخ پہلے اپنے ایماں کی خبر

دیجئے پھر شوق سے فتویٰ مری تکفیر کا

خواب ہستی کو سمجھنے کے لیے بے چین ہوں

اعتبار آتا نہیں مجھ کو کسی تعبیر کا

جس نے دی آخر غرور حسن یوسف کو شکست

اللہ اللہ حوصلہ اس دست دامن گیر کا

توڑ کر نکلے قفس تو گم تھی راہ آشیاں

وہ عمل تدبیر کا تھا یہ عمل تقدیر کا

گو زمانہ ہو گیا گلزار سے نکلے ہوئے

ہے مزاج اب تک وہی ریحانئ دلگیر کا