ہنس راج سچدیو حزیںؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
انہیں دیکھتے ہی فدا ہو گئے ہم (غزل)
انہیں دیکھتے ہی فدا ہو گئے ہم
محبت میں یوں مبتلا ہو گئے ہم
مرے لب پہ آئی تمنا تو بولے
ہٹو چھوڑ جاؤ خفا ہو گئے ہم
زمانے سے چھپ کر ملے تھے کسی سے
زمانے نے دیکھا جدا ہو گئے ہم
کبھی تو نے سوچا کبھی تو نے سمجھا
ترے ہجر میں کیا سے کیا ہو گئے ہم
رہ عشق میں تھک گئے چلتے چلتے
تو راہی سے خود رہنما ہو گئے ہم
تبسم ہنسی بے رخی بے حجابی
تری ہر ادا پر فدا ہو گئے ہم
حزیںؔ کوئی اتنا بتا دے خدا را
جوانی میں کیوں پارسا ہو گئے ہم
تم کبھی مائل کرم نہ ہوئے (غزل)
تم کبھی مائل کرم نہ ہوئے
میری قسمت کے دور غم نہ ہوئے
اشک ریزی سے ہم ہوئے بے دم
تیرے دامن کے تار نم نہ ہوئے
ہم نے طور وفا نہیں بدلا
تیرے ظلم و ستم بھی کم نہ ہوئے
تھک گئے راہ کی صعوبت سے
میرے ساتھی مرے قدم نہ ہوئے
راستے میں جو تھک کے بیٹھ گئے
زندگی بھر وہ تازہ دم نہ ہوئے
ملتفت وہ رہے زمانہ پر
مورد لطف ایک ہم نہ ہوئے
جن کی خاطر حزیںؔ اٹھائے غم
وہ بھی اپنے شریک غم نہ ہوئے