حنیف ترین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کے گلابی ہونٹ تو رس میں بسے لگے (غزل)
اس کے گلابی ہونٹ تو رس میں بسے لگے
لیکن بدن کے ذائقے بے کیف سے لگے
ٹوٹے قدم قدم پہ جو اپنی لچک کے ساتھ
وہ دلدلوں میں ذات کی مجھ کو پھنسے لگے
تمثیل بن گئے ہیں سمندر کی جھاگ کی
صحرائے غم کی راکھ میں جو بھی دھنسے لگے
جن کا یقین راہ سکوں کی اساس ہے
وہ بھی گمان دشت میں مجھ کو پھنسے لگے
ہم لے کے بے امانی کو جنگل میں آ گئے
دل کو جو شہر خوباں میں کچھ وسوسے لگے
آنکھوں پر پلکوں کا بوجھ نہیں ہوتا (غزل)
آنکھوں پر پلکوں کا بوجھ نہیں ہوتا
درد کا رشتہ اپنی آن نہیں کھوتا
بستی کے حساس دلوں کو چبھتا ہے
سناٹا جب ساری رات نہیں ہوتا
من نگری میں دھوم دھڑکا رہتا ہے
میرا میں جب میرے ساتھ نہیں ہوتا
بن جاتے ہیں لمحے بھی کتنے سنگین
وقت کبھی جب اپنا بوجھ نہیں ڈھوتا
رشتے ناطے ٹوٹے پھوٹے لگے ہیں
جب بھی اپنا سایہ ساتھ نہیں ہوتا
دل کو حنیفؔ ادھار نہیں ملتا جب تک
آنکھوں کا پتھریلا درد نہیں روتا
خواہش کی تسکیں کی خاطر (نظم)
خواہش کی تسکیں کی خاطر
اپنے لا یعنی جذبوں کو
لوح دل پر آنک رہے ہیں
دیش بدیش کی خاک چھان کے
گرتے پڑتے پھانک رہے ہیں
اپنی دید سے غافل رہ کر
نا دیدہ کو جھانک رہے ہیں