پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حنیف فوق کی غزلیں — Hanif Fauq Ghazals

حنیف فوق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رات ڈھلتے ہی سفیران قمر آتے ہیں (غزل)

رات ڈھلتے ہی سفیران قمر آتے ہیں

دل کے آئینے میں سو عکس اتر آتے ہیں

سیل مہتاب سے جب نقش ابھر آتے ہیں

اوس گرتی ہے تو پیغام شرر آتے ہیں

ساعت دید کا گلزار ہو یا سایۂ دار

ایسے کتنے ہی مقامات سفر آتے ہیں

جاگتی آنکھوں نے جن لمحوں کو بکھرا دیکھا

وہی لمحے مرے خوابوں میں نکھر آتے ہیں

وقت کی لاش پہ رونے کو جگر ہے کس کا

کس جنازے کو لیے اہل نظر آتے ہیں

رات کی بات ہی کیا رات گئی بات گئی

رات کے خواب کہیں دن کو نظر آتے ہیں

وادیٔ غرب سے پیہم ہے اندھیروں کا نزول

مطلع شرق سے پیغام سحر آتے ہیں

رات کے در پہ یہ دستک یہ مسلسل دستک (غزل)

رات کے در پہ یہ دستک یہ مسلسل دستک

آمد صبح فروزاں کا پتا دیتی ہے

پھونک ڈالے گی یہ اک روز قبائے صیاد

آتش گل کو صبا اور ہوا دیتی ہے

تیرگی زادوں سے کب نور کا سیلاب تھمے

فیصلہ وقت کا تاریخ سنا دیتی ہے

آنچ آتی ہے ستاروں سے جو کچھ پچھلے پہر

خواب شیریں سے نگاروں کو جگا دیتی ہے

کتنی نادیدہ بہاروں کی تمنائے جواں

دامن جاں میں مرے آگ لگا دیتی ہے

سینۂ سنگ میں بیتاب ہے وہ کاوش شوق

جو حقیقت کو بھی خوابوں کی ضیا دیتی ہے

شمع محراب وفا بن کے حیات‌ رسوا

دل نگاری کا مری کچھ تو صلا دیتی ہے

ہوا سرگوشیاں کرتی ہے موسم کے بدلنے کی (نظم)

ہوا سرگوشیاں کرتی ہے موسم کے بدلنے کی

چٹختی دوپہر تپتے ہوئے ذروں سے کہتی ہے

حصار آسماں کو توڑ کر بجلی کی تنہائی

فزا میں ابر پاروں سے گلے ملنے کو نکلی ہے

زمین منتظر پر رس کی بوندوں کی یہ شہنائی

خبر دیتی چلی ہے کاروان گل کے چلنے کی

گھٹاؤں کے صفیرو چاہتوں کے دیس میں آؤ

وصال خاک و باراں ارض کی کہنہ صداقت ہے

تمازت کی تگ و دو ہے کہاں تک افتراق آرا

عناصر کا گلے ملنا نیا میثاق الفت ہے

زمین شرق ہے قوس قزح کا پھر سے گہوارا

کلی کے روپ میں آؤ کنول کے بھیس میں آؤ

گھٹا برسے تو دست ناز کا رنگ حنا چمکے

ازل سے حسن کی شیریں ادائی کا مرقع ہے

''ہلالی ابرو'' و ''چین جبیں'' کی ناز فرمائی

ادا کے بیت رنگیں کا ہر اک مصرع مرصع ہے

ذرا بھیگے تو مہکے پھول سے عارض کی رعنائی

وفا کا نام روشن ہو جمال آشنا چمکے