پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حنیف دانش اندوری کی غزلیں — Hanif Danish Indori Ghazals

حنیف دانش اندوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مسکراؤ کہ عید ہو جائے (غزل)

مسکراؤ کہ عید ہو جائے

گنگناؤ کے عید ہو جائے

اپنے چھوٹے بڑوں کی سب غلطی

بھول جاؤ کہ عید ہو جائے

بے دلی سے نہ یوں گلے سے لگو

دل ملاؤ کہ عید ہو جائے

گر تمہیں کوئی اپنا کہہ دے تو

مان جاؤ کہ عید ہو جائے

جا کے اپنے بڑوں کے قدموں میں

سر جھکاؤ کہ عید ہو جائے

یوں تو گھر میں تمام مہماں ہیں

آپ آؤ کہ عید ہو جائے

جھوٹ کو سچ تو مرے یار بنا سکتا ہے (غزل)

جھوٹ کو سچ تو مرے یار بنا سکتا ہے

یہ ہنر سن تجھے سردار بنا سکتا ہے

تجھ کو بھی حق ہے سیاست میں چلے جانے کا

تو اگر ریت کی دیوار بنا سکتا ہے

یہ نیا دور ترقی ہے یہاں سکوں سے

کوئی خرقہ کوئی دستار بنا سکتا ہے

مختلف روگ کی بس ایک دوا دے دے کر

یہ مسیحا ہمیں بیمار بنا سکتا ہے

زعم سجدوں کا جبیں پر نہ سجائے پھریے

یہ تکبر بھی گنہ گار بنا سکتا ہے

ہوش والوں میں یہ چرچا بھی بہت عام ہوا

مجھ کو پاگل بھی مرا یار بنا سکتا ہے

ڈال کر خواب نئے ادھ کھلی آنکھو میں یہاں

شعبدہ‌ باز بھی سرکار بنا سکتا ہے

بوجھ ہو تیری انا پر جو سہارا دانشؔ

وہ سہارا تجھے لاچار بنا سکتا ہے