ہانی بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
موت آئے تو اس طرح آئے (غزل)
موت آئے تو اس طرح آئے
زندگی کو خبر نہ ہو پائے
ہم نہ بدلیں گے راستہ اپنا
جان جاتی ہے گر چلی جائے
موت برحق ہے آئے گی لیکن
چارہ گر کون تجھ کو سمجھائے
سر سلامت جہاں نہیں رہتے
سر اٹھا کر وہاں سے ہم آئے
در پہ چھوڑ آئے ان کے روح اپنی
صرف ہم جسم کو اٹھا لائے
جب رہا ہی نہیں کوئی اپنا
کون غمگین دل کو بہلائے
اپنے ہی دل پہ اب نہیں قابو
خوش کبھی ہو کبھی یہ اکتائے
اپنی لکھی ہوئی غزل پڑھنا
دل جو ہانیؔ تمہارا گھبرائے
جب جھوٹ مجھ سے برسر پیکار ہو گیا (غزل)
جب جھوٹ مجھ سے برسر پیکار ہو گیا
لہجہ جو میرا پھول تھا تلوار ہو گیا
حق بات بولنے کی قسم جب سے کھائی ہے
جینا ہمارا شہر میں دشوار ہو گیا
دھوکہ فریب جھوٹے دلاسے تسلیاں
پھر آج اس کے نام یہ اخبار ہو گیا
کردار اپنے گھر میں ہی مشکوک جس کا تھا
وہ شخص ہی قبیلے کا سردار ہو گیا
وہ کہہ رہا تھا تیری وفا آزماؤں گا
میں اس کے آگے آہنی دیوار ہو گیا
بیعت کی بات ہو گئی رسوا جہان میں
مشہور کائنات میں انکار ہو گیا
ہانیؔ نے بات اپنے بزرگوں کی مان لی
وہ با شعور صاحب کردار ہو گیا