حق نواز اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مدت کے بعد ان سے ملاقات ہو گئی (غزل)
مدت کے بعد ان سے ملاقات ہو گئی
دل میں جو آرزو تھی وہی بات ہو گئی
ہے تجھ میں خود بھی حسن حقیقی کی اک جھلک
چاہت تری شریک عبادات ہو گئی
میں پھر جنوں میں بھول گیا راہ کوئے یار
اتنی عجیب گردش حالات ہو گئی
جب سے نگاہ یار نے دیکھا ہے اس طرف
اپنی نظر تو نذر عنایات ہو گئی
کوچہ میں ان کے پھرتے رہو گے کہاں تلک
اخترؔ اب اپنے گھر کو چلو رات ہو گئی
کوئی ایسا کمال ہو جائے (غزل)
کوئی ایسا کمال ہو جائے
وہ مرا ہم خیال ہو جائے
تجھ سے بچھڑے ہوئے دلوں کے لئے
لمحہ بھی ماہ و سال ہو جائے
ان کا ہے یہ معاملہ ہم سے
جیسے شاطر کی چال ہو جائے
وہ کھچے آئیں خود بخود مجھ تک
اے جنوں یہ کمال ہو جائے
ناصحا عشق تجھ کو جب ہوگا
مجھ سا تیرا بھی حال ہو جائے
مجھ کو جن کا خیال ہے اخترؔ
ان کو میرا خیال ہو جائے