پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حنیف نجمی کی غزلیں — Haneef Najmi Ghazals

حنیف نجمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کشود کار کی خاطر خدا بدلتے رہے (غزل)

کشود کار کی خاطر خدا بدلتے رہے

چراغ نذر تھے ہر آستاں پہ چلتے رہے

فقیر عشق ہیں اپنا کوئی ٹھکانا ہے کیا

ہوا میں اڑتے رہے پانیوں پہ چلتے رہے

ہم اہل دل نے چھوا تک نہیں کبھی کوئی پھول

ہوا پرست مگر توڑتے مسلتے رہے

پھسل کے تم بھی عبث سن گئے ہمارے ساتھ

ہمیں تو یوں بھی پھسلنا تھا سو پھسلتے رہے

نہ اس کے لمس کی گرمی نہ اس کے قرب کی آنچ

تصور اس کا تھا ایسا کہ بس پگھلتے رہے

وہ اک جگہ نہ کہیں رہ سکا اور اس کے ساتھ

کرایہ دار تھے ہم بھی مکاں بدلتے رہے

ترا غم ہے تو یہ جذبوں کی رو میں بہہ نہیں سکتا (غزل)

ترا غم ہے تو یہ جذبوں کی رو میں بہہ نہیں سکتا

کسی کے حق میں میرا دل غلط کچھ کہہ نہیں سکتا

ہوا اچھی ہے اس کی اور نہ پانی اس کا اچھا ہے

میں اس شہر منافق میں تو اک دن رہ نہیں سکتا

یہ شہر دل نہیں بستی ہے یہ فتویٰ فروشوں کی

یہاں اپنے خدا کو میں خدا بھی کہہ نہیں سکتا

زمیں سورج کے چاروں سمت گردش اب بھی کرتی ہے

یہ سچ ہے پھر بھی میں اپنی زباں سے کہہ نہیں سکتا

پلٹ کر اک نہ اک دن اپنی فطرت پر وہ آئے گا

وہ کٹ کر اپنے محور سے ہمیشہ رہ نہیں سکتا

میں انساں ہوں مری فطرت زمینی ہے میاں نجمیؔ

بہت دن تک سر بام فلک میں رہ نہیں سکتا