حنیف کیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کی نظر میں نے جب احساس کے آئینے میں (غزل)
کی نظر میں نے جب احساس کے آئینے میں
اپنا دل پایا دھڑکتا ہوا ہر سینے میں
مدتیں گزریں ملاقات ہوئی تھی تم سے
پھر کوئی اور نہ آیا نظر آئینے میں
اپنے کاندھوں پہ لیے پھرتا ہوں اپنی ہی صلیب
خود مری موت کا ماتم ہے مرے جینے میں
اپنے انداز سے اندازہ لگایا سب نے
مجھ کو یاروں نے غلط کر لیا تخمینے میں
اپنی جانب نہیں اب لوٹنا ممکن میرا
ڈھل گیا ہوں میں سراپا ترے آئینے میں
ایک لمحے کو ہی آ جائے میسر کیفیؔ
وہ نظر جو مجھے دیکھے مرے آئینے میں
بکھر کے ریت ہوئے ہیں وہ خواب دیکھے ہیں (غزل)
بکھر کے ریت ہوئے ہیں وہ خواب دیکھے ہیں
مری نگاہ نے کتنے سراب دیکھے ہیں
سحر کہیں تو کہیں کیسے اپنی صبحوں کو
کہ رات اگلتے ہوئے آفتاب دیکھے ہیں
کوئی بھی رت ہو ملی ہے دکھوں کی فصل ہمیں
جو موسم آیا ہے اس کے عتاب دیکھے ہیں
میں بد گمان نہیں ہوں مگر کتابوں میں
تمہارے نام کئی انتساب دیکھے ہیں
کبھی کی رک گئی بارش گزر چکا سیلاب
کئی گھر اب بھی مگر زیر آب دیکھے ہیں
کوئی ہماری غزل بھی ملاحظہ کرنا
تمہارے ہم نے کئی انتخاب دیکھے ہیں
پناہ ڈھونڈتے گزری ہے زندگی کیفیؔ
جھلستی دھوپ میں سائے کے خواب دیکھے ہیں