حنیف اسعدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ابھی نہ جاؤ ابھی راستے سجے بھی نہیں (غزل)
ابھی نہ جاؤ ابھی راستے سجے بھی نہیں
ابھی چراغ سر کہکشاں جلے بھی نہیں
جبین چرخ پہ گلگونۂ شفق مل کر
ابھی تو شام کے سائے کہیں گئے بھی نہیں
ابھی ابھی تو جمائی ہے میں نے بزم خیال
ابھی افق بہ افق بام و در سجے بھی نہیں
عروس شب نے ابھی چاندنی اتاری ہے
ابھی تو گیسوئے شب ٹھیک سے کھلے بھی نہیں
ابھی سے ترک تعلق کے مشورے تو نہ دو
ابھی تو یادوں کے سارے دیے بجھے بھی نہیں
مرے سفر میں ستارے تھے بس شریک سفر
یہ راہ رو تو مری رہگزر کے تھے بھی نہیں
میں جو اپنے حال سے کٹ گیا تو کئی زمانوں میں بٹ گیا (غزل)
میں جو اپنے حال سے کٹ گیا تو کئی زمانوں میں بٹ گیا
کبھی کائنات بھی کم پڑی کبھی جسم و جاں میں سمٹ گیا
یہی حال ہے کئی سال سے نہ قرار دل نہ سکون جاں
کبھی سانس غم کی الٹ گئی کبھی رشتہ درد سے کٹ گیا
مری جیتی جاگتی فصل سے یہ سلوک باد سموم کا
مری کشت فکر اجڑ گئی مرا ذہن کانٹوں سے پٹ گیا
نہ دیار درد میں چین ہے نہ سکون دشت خیال میں
کبھی لمحہ بھر کو دھواں چھٹا تو غبار راہ میں اٹ گیا
نہ وہ آرزو نہ وہ جستجو نہ وہ رنگ جامۂ بے رفو
بھلا اس وجود کا وزن کیا جو مدار شوق سے ہٹ گیا
نہ وہ کیف شب نہ وہ ماہ شب نہ وہ کاروان غزال شب
جہاں ذکر ہجر و وصال تھا وہ ورق ہی کوئی الٹ گیا