حنیف راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے وفا ایسے تو ہرگز نہ تھے پہلے ہم لوگ (غزل)
بے وفا ایسے تو ہرگز نہ تھے پہلے ہم لوگ
ایک ہی شہر میں رہ کر نہیں ملتے ہم لوگ
جس طرح جینا تھا ایسے ہی جو جیتے ہم لوگ
جس طرح مرتے ہیں ایسے نہیں مرتے ہم لوگ
خدمت خلق میں جس شخص کی گزری ہے حیات
ایسے انساں کی عیادت کو نہ پہنچے ہم لوگ
امن کا قافلہ کرتا رہا منت پھر بھی
چند لمحوں کو بھی خاموش نہ بیٹھے ہم لوگ
اتنا احسان جتاتے ہیں کہ مر جاتا ہے
کام آ جائیں جو دنیا میں کسی کے ہم لوگ
توڑ دیتی ہے ذرا بھر میں چراغوں کا غرور
اے ہوا دیکھ چکے ہیں ترے جلوے ہم لوگ
نظر کو قرب شناسائی بانٹنے والے (غزل)
نظر کو قرب شناسائی بانٹنے والے
کبھی تو ہاتھ آ پرچھائی بانٹنے والے
اکیلا پن در و دیوار سے ٹپکتا ہے
کہاں گئے مری تنہائی بانٹنے والے
یہ منہ سے سوکھے نوالے بھی چھین لیتے ہیں
بہت غریب ہیں مہنگائی بانٹنے والے
ہمارے شہر کو تیری بڑی ضرورت ہے
ادھر بھی آ کبھی اچھائی بانٹنے والے
کبھی یہ سوچ کے تیرے بھی اپنے بچے ہیں
ہماری نسل کو ننگائی بانٹنے والے
زمانہ کیا ہوا اب جو نظر نہیں آتے
وفا کی پیار کی بینائی بانٹنے والے