پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمزہ یعقوب کی غزلیں — Hamza Yaqub Ghazals

حمزہ یعقوب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی سے جنگ کسی سے جہاد چاہتے ہیں (غزل)

کسی سے جنگ کسی سے جہاد چاہتے ہیں

خدا کے نام پہ کیا کیا فساد چاہتے ہیں

یہ گدھ نہیں یہ مرے خاندان والے ہیں

یہ میرا گوشت نہیں جائیداد چاہتے ہیں

کریں گے تجھ سے کبھی خواب کے تبادلے بھی

ابھی تو صرف ترا اعتماد چاہتے ہیں

خدا کو خوشیوں کے عالم میں پوچھتے بھی نہیں

یہاں چراغ کو سب دن کے بعد چاہتے ہیں

میں بے سبب تجھے ملنے کا تھوڑی کہتا ہوں

نمو کے واسطے پودے بھی کھاد چاہتے ہیں

اکیلا میں نہیں مصرعوں کا مالک و معبود

لغت نویس بھی لفظوں سے داد چاہتے ہیں

خدا کو زحمت کن دینی چاہیے حمزہؔ

تمام کون و مکاں اجتہاد چاہتے ہیں

نہ احترام نہ دل میں ادب کا ہوتا ہے (غزل)

نہ احترام نہ دل میں ادب کا ہوتا ہے

ہمیشہ مسئلہ نام و نسب کا ہوتا ہے

مقامی شے پہ کسی کو بھی اعتبار نہیں

ہمارا مولوی تک بھی عرب کا ہوتا ہے

زیادہ فرق نہیں دہریوں میں اور ہم میں

کوئی نہ کوئی عقیدہ تو سب کا ہوتا ہے

تلاش مجھ کو بھی رہتی ہے اک بہانے کی

اور انتظار اسے بھی سبب کا ہوتا ہے

دلاسہ دے کے یہی چپ کرا دیا گیا ہوں

کہ جو بھی فیصلہ ہوتا ہے رب کا ہوتا ہے

زیادہ عمر نہیں ہے کسی پتنگے کی

ہمارا کھیل فقط ایک شب کا ہوتا ہے

تمہاری مرضی محبت کہو اسے کہ ہوس

ہمارے دل میں تو جذبہ طلب کا ہوتا ہے

حقیر چیز کبھی خاک میں نہیں ملتی

یہ حال صرف کسی منتخب کا ہوتا ہے