حمزہ حسام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جاؤ تمہاری کوئی جزا و سزا نہ ہو (غزل)
جاؤ تمہاری کوئی جزا و سزا نہ ہو
بس چاہتا ہوں تم سے مرا سامنا نہ ہو
تیرا شدید گفتگو کا دل کرے کبھی
اور مجھ سے رابطے کا کوئی راستہ نہ ہو
انسان حل نکالنے میں عمر کاٹ دے
ایسا بھی زندگی میں کوئی مسئلہ نہ ہو
ملنا ہو پہلی بار پسندیدہ شخص سے
اور آدمی کو پہلے کوئی تجربہ نہ ہو
دعوت ہے ان کو آئیں مرے پاس بیٹھنے
وہ جن کے ساتھ اور کوئی بیٹھتا نہ ہو
میں اس کا ہاتھ تھام کے بیٹھا ہوں خوف سے
اور سوچتا ہوں مجھ کو کہیں واہمہ نہ ہو
حسامؔ چاہتا ہوں میں شہرت کی بھیڑ میں
ایسا کوئی بشر جو مجھے جانتا نہ ہو
دل خوف میں ہے آنکھوں سے وحشت نہیں جاتی (غزل)
دل خوف میں ہے آنکھوں سے وحشت نہیں جاتی
کیا کیجئے گا میری اذیت نہیں جاتی
ہاں وقت لگا دیتا ہے ہر زخم پہ مرہم
پر دل سے کبھی پہلی محبت نہیں جاتی
افسوس کہ ڈھل جائے گا حسن ان کا کسی دن
جن لڑکیوں کی آج نزاکت نہیں جاتی
رہتے ہیں بڑے پیار سے جنگل میں پرندے
اور شہر کی دیواروں سے نفرت نہیں جاتی
آسان نہیں ہوتا ہے عادات بدلنا
عادات بدل سکتی ہیں فطرت نہیں جاتی
میری بھی پریشانیاں فرصت میں کبھی سن
اک تو یہ مری جاں تری عجلت نہیں جاتی
بے انت حسینائیں ہیں موجود ولیکن
حسامؔ مرے دل سے وہ عورت نہیں جاتی
تمہیں میں اور سمجھا تھا (نظم)
تمہیں میں اور سمجھا تھا
تمہیں دل میں بسایا تھا
تمہاری بات مانی تھی
تمہیں سینے لگایا تھا
تمہارے درد پالے تھے
مگر تم کو ہنسایا تھا
تمہاری بے تکی باتوں پہ
گھنٹوں مسکرایا تھا
تمہاری لاج رکھی تھی
تمہیں سر پہ بٹھایا تھا
تمہیں تنہا سمجھ کے میں
نے اپنا ہاتھ بخشا تھا
مجھے دنیا میسر تھی
مگر میں تم پہ ٹھہرا تھا
مجھے پھر تم نے بتلایا
کہ تم تو اور ہی کچھ ہو
میں تم کو اور سمجھا تھا
میں سمجھا تھا کہ سمجھو گے
مری چاہت کے افسانے
مگر تم سرسری نکلے
مجھے افسوس ہے یارا
کہ تم بھی اور ہی نکلے