حمزہ ہاشمی سوز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کس طرح یاروں نے پوشیدہ خزانے ڈھونڈے (غزل)
کس طرح یاروں نے پوشیدہ خزانے ڈھونڈے
پھر یہی زخم دروں کون نہ جانے ڈھونڈے
ہم جو گزرے ہیں خرابے سے تو حیرت یہ ہے
جتنے ڈھونڈے ہیں محبت کے فسانے ڈھونڈے
خیر یہ جان امانت تھی سو جانی تھی کبھی
کیا سے کیا اس نے بھی کھونے کے بہانے ڈھونڈے
اس کے پہلو میں ہیں تو رین بسیرا کر لیں
نت نئے کون کہاں روز ٹھکانے ڈھونڈے
آج پھر میں نے کتابوں سے مہک پائی ہے
آج پھر میں نے کہیں پھول پرانے ڈھونڈے
آئے زانو میں تو سر دھر دیا اس کے آگے
سوئی پہلو میں تو بازو کے سرہانے ڈھونڈے
پرانی یاد کی تعمیر ڈھانا بھول جاتا ہوں (غزل)
پرانی یاد کی تعمیر ڈھانا بھول جاتا ہوں
میں اک گھر سے نئے گھر کو بسانا بھول جاتا ہوں
نکل جاتا ہوں دریا پار پانی پاٹ کے لیکن
کنارے سے کنارے کو ملانا بھول جاتا ہوں
میں یاروں کی جفاؤں کو بیاں کرتے ہوئے اکثر
میں دشمن کی صداقت کو بتانا بھول جاتا ہے
مرے تن پر قبا زخموں کی ہر موسم بدلتی ہے
لبادہ اوڑھتا ہوں اور پرانا بھول جاتا ہوں