پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمزہ دائم کی غزلیں — Hamza Daim Ghazals

حمزہ دائم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ پہ الزام دھر گیا دیکھو (غزل)

مجھ پہ الزام دھر گیا دیکھو

آنکھ اشکوں سے بھر گیا دیکھو

کوئی روشن ضمیر تھا شاید

اور اندھیروں میں مر گیا دیکھو

جس نے رکھا تھا سر ہتھیلی پر

وہ بھی دنیا سے ڈر گیا دیکھو

دل کو کتنا سنبھال رکھا تھا

اس کو ڈھونڈو کدھر گیا دیکھو

کس قدر اجنبی سا لگتا ہے

بعد مدت کے گھر گیا دیکھو

مجھ کو دائمؔ یقین سے بچھڑے

ایک عرصہ گزر گیا دیکھو

جرم الفت کی مجھے خوب سزا دیتا ہے (غزل)

جرم الفت کی مجھے خوب سزا دیتا ہے

خط کو پڑھتا بھی نہیں اور جلا دیتا ہے

ٹوٹ جاتے ہیں سبھی آئنہ خانے میرے

جب تخیل تری تصویر بنا دیتا ہے

میرے حاکم کو بہت بار گراں گزرے گا

کوئی ظالم ہے جو زنجیر ہلا دیتا ہے

اس کے آنے کی مجھے جھوٹی تسلی مت دو

یہ دلاسہ تو مرا درد بڑھا دیتا ہے

میرے احباب کو کچھ سوچنا ہوگا دائمؔ

میرا دشمن مجھے جینے کی دعا دیتا ہے

اک بچہ چھوٹا سا بچہ (نظم)

اک بچہ چھوٹا سا بچہ

ایک ہاتھ میں اس کے تختی تھی

ایک ہاتھ میں اس کے بستہ تھا

اور پاؤں کے نیچے دور تلک

اسکول کو جاتا رستہ تھا

وہ افسر بننا چاہتا تھا

وہ سچ مچ پڑھنا چاہتا تھا

کچھ خواب تھے اس کی آنکھوں میں

جو رفتہ رفتہ ٹوٹ گئے

غربت نے اسے مجبور کیا

یوں پڑھنے سے وہ دور ہوا

پھر پاؤں سے رستے روٹھ گئے

اور ہاتھ سے بستے چھوٹ گئے