پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمزہ بلال کی غزلیں — Hamza Bilal Ghazals

حمزہ بلال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ادھوری اک کہانی چل رہی ہے (غزل)

ادھوری اک کہانی چل رہی ہے

مسلسل زندگانی چل رہی ہے

لٹا دی جان ہم نے دوستوں پر

روایت خاندانی چل رہی ہے

کریں گے یار توبہ بعد میں اب

ابھی تو نوجوانی چل رہی ہے

بھروسہ بھائیوں پر کر رہا ہوں

وصیت تک زبانی چل رہی ہے

نئے کردار اس میں آ گئے ہیں

مگر پکچر پرانی چل رہی ہے

ہمارے خون کی قیمت نہ پوچھو

اسی سے راجدھانی چل رہی ہے

عجب میں ہوں عجب ہی دل ہے جاناں (غزل)

عجب میں ہوں عجب ہی دل ہے جاناں

یہ پاگل تجھ پہ ہی مائل ہے جاناں

جسے سب کہہ رہے ہیں اپنا رہبر

وہی ہے ہاں وہی قاتل ہے جاناں

یہاں حامی نہیں کوئی ہمارا

یہ پورا شہر ہی بزدل ہے جاناں

زمانے کے ستم ہیں بے تحاشا

ترا غم ساتھ میں شامل ہے جاناں

ہماری موت کا باعث بنے گا

لبوں کے پاس جو اک تل ہے جاناں

نہیں اگلے جنم کا بھی دلاسہ

مسلماں ہوں بڑی مشکل ہے جاناں