ہمسر اندوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مر کے بھی ہو نہیں پائی ستم ایجاد کی موت (غزل)
مر کے بھی ہو نہیں پائی ستم ایجاد کی موت
زندگی دے نہ سکی صید کو صیاد کی موت
میرے چہرے کی بشاشت ترے ارمان کا خون
میرے ہونٹوں کا تبسم ترے بیداد کی موت
کیوں پرندوں کی زباں پر ہیں خوشی کے نغمے
کیا گلستاں میں ہوئی ہے کسی صیاد کی موت
ہم نے خود چھوڑ دیا مہر و مروت کا چلن
ورنہ ہوتی نہ کبھی عظمت اجداد کی موت
یوں بجھا دل غم دنیا کی حدوں میں جا کر
جیسے ویرانے میں ہو جائے چمن زاد کی موت
حسرتیں یوں مری ناکام ہوئی ہیں ہمسرؔ
جیسے فردوس کے در پر کسی شداد کی موت
یہ سازش طے شدہ تھی ورنہ یوں ہوتی کہاں زخمی (غزل)
یہ سازش طے شدہ تھی ورنہ یوں ہوتی کہاں زخمی
تصادم تو گروہی تھا ہوئی اردو زباں زخمی
ترقی نے نیا انداز لڑنے کا دیا ہم کو
یہاں انگلی کو جنبش دی ہوئے کتنے وہاں زخمی
کہیں یوں نقل کرنے سے کبھی چشمہ ابلتا ہے
زمیں تک نم نہیں کر پائے کر لیں ایڑیاں زخمی
یہ مانا نرم گفتاری اثر رکھتی ہے مرہم کا
مگر لہجہ بدل جائے تو کر دے گولیاں زخمی
وہ کیسا حسن ہوگا سوچتا ہوں آج بھی ہمسرؔ
حسینوں نے ثمر کے ساتھ کر لیں انگلیاں زخمی