پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حماد یونس کی غزلیں — Hammad Younus Ghazals

حماد یونس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ بھی نہیں کہ تو ہی سمٹتا چلا گیا (غزل)

یہ بھی نہیں کہ تو ہی سمٹتا چلا گیا

میں خود تری نگاہ سے ہٹتا چلا گیا

دست ستم نے جور میں کوئی کمی نہ کی

سر بھی سناں کی نوک پہ ڈٹتا چلا گیا

دیکھا پلٹ کے رشک مہ و مہر نے مجھے

میں عکس نیم روز تھا گھٹتا چلا گیا

چاہت فریب شاعری غم فکر روزگار

کیا آدمی تھا یار کہ بٹتا چلا گیا

تا عمر اس نے ساتھ نبھانے کی بات کی

سچ پوچھیے تو راستہ کٹتا چلا گیا

حمادؔ سب نصاب تھے جیون کے دستیاب

خود میں کلام میرؔ کو رٹتا چلا گیا

ہمارا خواب سے رشتہ بہت پرانا ہے (غزل)

ہمارا خواب سے رشتہ بہت پرانا ہے

ہمارے در پہ امنگوں کا آستانہ ہے

نظر سے دور کہیں برق گرتی جاتی ہے

نہیں خبر کہ قفس ہے یا آشیانہ ہے

افق کے پار سے آیا ہے کوئی سندیسہ

فقط یہ یاد دہانی کہ لوٹ آنا ہے

ہمارے ہجر میں آنسو بہا رہا ہے کوئی

خبر کرو کہ ہمارا یہی ٹھکانہ ہے

وہاں وہاں تری خوشبو بکھر گئی ہوگی

جہاں جہاں مرا بکھرا ہوا فسانہ ہے

میں لوٹ آیا تو پہچان لیجئے گا مجھے

کہ مسکرانے کا انداز تو پرانا ہے

سفر نصیب ہوں حمادؔ والسلام دعا

ہمارے ساتھ سفر میں گیا زمانہ ہے

اگر ہم مان لیں صاحب (نظم)

اگر ہم مان لیں صاحب

محبت اور سیاست میں

کسی کی ہار ہوتی ہے

کسی کی جیت ہوتی ہے

کہ یہ دربار ہیں دونوں

سو ہر دربار کی اک

منفرد سی ریت ہوتی ہے

مگر تم ہی کہو صاحب

کہ ہر اک بار ہم ہی کیوں

کسی ہارے ہوئے لشکر

کسی اجڑی ہوئی بستی

کسی بن باس ٹھہرے

شاہزادے

سوکھتے کچھ پھول

اور

دیمک لگی اک ڈایری کے

استعارے ہوں

سنو صاحب

کبھی تو ہم تمہارے ہوں