پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حامد اللہ افسر کی غزلیں — Hamidullah Afsar Ghazals

حامد اللہ افسر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آغاز ہوا ہے الفت کا اب دیکھیے کیا کیا ہونا ہے (غزل)

آغاز ہوا ہے الفت کا اب دیکھیے کیا کیا ہونا ہے

یا ساری عمر کی راحت ہے یا ساری عمر کا رونا ہے

شاید تھا بیاض شب میں کہیں اکسیر کا نسخہ بھی کوئی

اے صبح یہ تیری جھولی ہے یا دنیا بھر کا سونا ہے

تدبیر کے ہاتھوں سے گویا تقدیر کا پردہ اٹھتا ہے

یا کچھ بھی نہیں یا سب کچھ ہے یا مٹی ہے یا سونا ہے

ٹوٹے جو یہ بند حیات کہیں اس شور و شر سے نجات ملے

مانا کہ وہ دنیا اے افسرؔ صرف ایک لحد کا کونا ہے

پریشانی ہے جی گھبرا رہا ہے (غزل)

پریشانی ہے جی گھبرا رہا ہے

کوئی دھیمے سروں میں گا رہا ہے

کہوں کیا حال ناکام محبت

تمناؤں سے جی بہلا رہا ہے

کوئی شب کی خموشی میں ہے گریاں

تصور میں کوئی سمجھا رہا ہے

تصور کی یہ مقصد آفرینی

میں سمجھا کوئی سچ مچ آ رہا ہے

جو رستہ خلد میں نکلا ہے جا کر

وہ دوزخ سے نکل کر جا رہا ہے

اماں باجی کہتی ہیں (نظم)

اماں باجی کہتی ہیں

چاند میں پریاں رہتی ہیں

رات کو پر پھیلاتی ہیں

اور اتر کر آتی ہیں

سب بچوں کو سلاتی ہیں

اور پھر خواب دکھاتی ہیں

میں تو آج نہ سوؤں گا

رات گئے تک جاگوں گا

باہر باغ میں بیٹھوں گا

چاند کی پریاں دیکھوں گا