حامدی کاشمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ چلتی پھرتی سی لاشیں شمار کرنے کو (غزل)
یہ چلتی پھرتی سی لاشیں شمار کرنے کو
بہت ہے کام سر رہ گزار کرنے کو
گزر رہے ہیں بہ عجلت بہار کے ایام
پڑا ہے رخت بدن تار تار کرنے کو
گلے کی سمت مرے اپنے ہاتھ بڑھتے ہیں
رہا ہی کیا ہے بھلا اعتبار کرنے کو
بدن کو چاٹ لیا ہے سیاہ کائی نے
ابھی تو کتنے سمندر ہیں پار کرنے کو
ابھی سے چاند ستاروں کی آنکھیں پتھرائی
پڑی ہے رات ابھی انتظار کرنے کو
سمجھ میں آ نہ سکی یہ ادا گلابوں کی
چمن میں آتے ہیں سینہ فگار کرنے کو
آئے مشرق سے شہسوار بہت (غزل)
آئے مشرق سے شہسوار بہت
کس کو تھا ان کا انتظار بہت
قافلوں کی کوئی خبر سی نہیں
دور اٹھتا رہا غبار بہت
صبح ہونے تک اس نے جان نہ دی
عمر بھر تھا خود اختیار بہت
پھر کوئی سانحہ ہوا ہوگا
مہرباں کیوں ہیں غم گسار بہت
کیوں ہے ہر ذرہ کربلا منظر
ہے ہمیں ان پہ اعتبار بہت
ہو گئی سب کے آگے رسوائی
کس ہنر پر تھا افتخار بہت
ہم دونوں (نظم)
ہم دونوں
تتلی کے تعاقب میں
دور مہکتے خوابیدہ سایوں میں ڈوبے
تتلی ہاتھ سے نکلی تھی
جنگل جاگ پڑا تھا
پتوں کی اوٹ سے
شعلہ شعلہ آنکھیں جھانک رہی تھیں!
سب رستے مسدود ہوئے تھے!