پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمیدہ شاہین کی غزلیں — Hamida Shaheen Ghazals

حمیدہ شاہین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جس طرف سے بھی ملاوٹ کی رسد ہے رد ہے (غزل)

جس طرف سے بھی ملاوٹ کی رسد ہے رد ہے

ایک رتی بھی اگر خواہش بد ہے رد ہے

دکھ دیے ہیں زر خالص کی پرکھ نے لیکن

جس تعلق میں کہیں کینہ و کد ہے رد ہے

امن لکھنا نہیں سیکھیں جنہیں پڑھ کر بچے

ان کتابوں پہ کسی کی بھی سند ہے رد ہے

جب چڑھائی پہ مرا ہاتھ نہ تھاما تو نے

اب یہ چوٹی پہ جو بے فیض مدد ہے رد ہے

اس لگاوٹ بھرے لہجے کی جگہ ہے دل میں

تہنیت میں جو ریا اور حسد ہے رد ہے

اپنی سرحد کی حفاظت پہ ہے ایمان مگر

زندگی اور محبت پہ جو حد ہے رد ہے

اس سے کہنا کہ یہ تردید کوئی کھیل نہیں

جو مری بات کو دہرائے کہ رد ہے رد ہے

دنیا تیرے مطلب کی ہے تو دنیا کے مطلب کا (غزل)

دنیا تیرے مطلب کی ہے تو دنیا کے مطلب کا

اور دونوں کے پاس نہیں ہے کچھ بھی میرے مطلب کا

اصلی بات پہ کیا پھل آتا ہاہا کار کے موسم میں

سب نے باغ لگا رکھا ہے اپنے اپنے مطلب کا

اپنی ہی آواز پہ لٹو ہو کر ابن آدم نے

کیسا کیسا لفظ بنایا کیسے کیسے مطلب کا

رشتوں کی تعمیر میں کوئی در تو رکھنا پڑتا ہے

چھوٹی چھوٹی امیدوں کا ہلکے پھلکے مطلب کا

بات برائے بات کا خالص لطف اٹھائیں آج ذرا

تھوڑی دیر بھلا دو جھگڑا الٹے سیدھے مطلب کا

دونوں پر بے لوث محبت کی اک چھتری کافی تھی

تم نے سر پر کیا تانا ہے دوہرے تہرے مطلب کا

میرے دل کو گیت بنا کر گاؤ لیکن یاد رہے

اس پر کوئی حرف نہ آئے ایسے ویسے مطلب کا

چھوٹا سا اک جملہ سن کر دن اچھا ہو جاتا ہے

لیکن تیرے لب سے نکلے اور ہو اچھے مطلب کا

ایک انگوٹھی گھڑ لو بی بی روز صدائیں دیتا ہے

دور کہیں اک سیپی اندر موتی گہرے مطلب کا

اس بار اکیلے مت آنا (نظم)

اس بار اکیلے مت آنا

کوئی بات ادھوری لے آنا

جسے مل کے پورا کرنا ہو

کوئی لفظ جسے تم کبھی کہیں نہیں بول سکے

کوئی گیت جسے تنہا نہیں گایا جا سکتا

کوئی رنگ جو میں نے ساری عمر نہیں دیکھا

اک بیگ میں بھر کر لے آنا

جو خواب پرائے دیس میں تم نہیں دیکھ سکے

وہ پھول

جو تم نے کسی کو دینا چاہا اور نہیں دے پائے

وہ نیند

جسے گٹھڑی کی طرح

پلکوں پر لادے پھرتے ہو

سب اپنے ساتھ اٹھا لانا