پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمید خاں اثر کی غزلیں — Hamiid Khan Asar Ghazals

حمید خاں اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیری محفل سے اٹھ کے دیوانے (غزل)

تیری محفل سے اٹھ کے دیوانے

چل دئے پھر کہاں خدا جانے

کس کو معلوم تھا خوشی کے لئے

درد و غم بھی پڑیں گے اپنانے

جن سے مدت کی تھی شناسائی

آج وہ بھی بنے ہیں بیگانے

یہ فسانے کبھی کے مٹ جاتے

بات رکھ لی مرے مسیحا نے

جن کا غم کے سوا کوئی نہ ہوا

وہ خوشی کو چلے ہیں اپنانے

پھر ہوا آج مہرباں ساقی

پھر چھلکنے لگے ہیں پیمانے

کتنی محتاط تھیں مری نظریں

بن گئے پھر بھی کتنے افسانے

نہ ملا اے اثرؔ وہ بت اب تک

گو ہزاروں ملے صنم خانے

جس کو احساس غم نہیں ہوتا (غزل)

جس کو احساس غم نہیں ہوتا

وہ کبھی چشم نم نہیں ہوتا

یوں تو عظمت میں اک فرشتے سے

کوئی انساں بھی کم نہیں ہوتا

عشق میں داغ دل خدا رکھے

چاند سورج سے کم نہیں ہوتا

اشک مژگاں پہ ہی لرزتے ہیں

قطرہ دریا میں ضم نہیں ہوتا

مرگ بلبل پہ آج گلشن میں

دیدۂ گل بھی نم نہیں ہوتا

چارہ سازوں کی اب تسلی سے

صدمۂ ہجر کم نہیں ہوتا

بے وفا تو زمانہ رہتا ہے

با وفا بھی صنم نہیں ہوتا

عشق آساں نہیں کسی کا اثرؔ

کس کی زلفوں میں خم نہیں ہوتا