مہنگائی کتنی عظیم نعمت ہے اس کا اندازہ تم چھوٹے سے واقعے سے لگا لو ،یہ پاکستان کے ایک ارب پتی تاجر کی کہانی ہے۔انہوں نے غور سے میری طرف دیکھا اور اس کے بعد گویا ہوئے ،یہ تاجر کبھی کسی دکاندار کے پاس ملازم تھا ،دکاندار اسے روزانہ دیتا تھا اور یہ دو ہزار روپوں کیلئے بارہ گھنٹے کام کرتا تھا۔ یہ ذوالفقار علی بھٹو کا دور تھا‘ اس وقت دو ہزار روپے مناسب رقم تھی اور اس رقم سے درمیانے درجے کے گھرانے کا ٹھیک ٹھاک گزارا ہو جاتا تھا لیکن پھر ملک میں مہنگائی کا ریلا آیا‘ ضروریات کی تمام چیزوں کے ریٹس بڑھ گئے‘ اس کے گھرتین بچے بھی پیدا ہو گئے‘ ان بچوں کی ضروریات بھی بڑھ گئیں‘ والد اور والدہ بھی بیمار رہنے لگے اور مالک مکان نے بھی کرایہ بڑھا دیا‘ سائیکل پرانی ہو گئی اور اس کے خرچے بھی نکلنے لگے‘ بجلی کے ریٹس میں بھی اضافہ ہوگیا‘ ملک میں ٹی وی‘ واشنگ مشین اور فریجوں کا رواج بھی ہو گیا اور بیوی نے ان سہولتوں کیلئے ضد بھی شروع کر دی‘ مہمانوں کی آمد میں بھی اضافہ ہو گیا اور عزیز رشتے داروں کے بچے بھی شادیوں کی عمر میں پہنچ گئے چنانچہ دو ہزار روپے قلیل ہو گئے اور مسائل کثیر۔ اس نے مالک سے تنخواہ بڑھانے کی درخواست کی لیکن مالک نے صاف انکار کر دیا یوں خاندان مسائل کے دباؤ میں آ گیا۔ اس وقت اس کی بیوی نے ایک نیا راستہ نکالا‘ اس نے گھر میں ردی کاغذوں اور اخبارات کے لفافے بنانا شروع کر دئیے‘ وہ اپنے بچوں کے ساتھ سارا دن لفافے بناتی‘ اس کا شوہر کام پر جاتے ہوئے یہ لفافے ساتھ لے جاتا اور بازار میں مختلف دکانوں پر بیچ دیتا۔ یہ کام چل نکلا جس کے نتیجے میں خاندان میں خوشحالی آ گئی‘ فریج بھی آ گیا‘ واشنگ مشین بھی اور بارہ انچ کا بلیک اینڈ وائٹ ٹیلی ویژن بھی۔ یہ سہولتیں آئیں تو ان سہولتوں کا خرچ بھی آیا چنانچہ خاندان کو اب ماہانہ آٹھ‘ دس ہزار روپے چاہئے تھے‘ اس نے اس کا حل بھی دریافت کر لیا‘ یہ لوگ منوں کے حساب سے ردی کاغذ اور اخبارات خرید کر محلے کے مختلف گھروں میں تقسیم کر دیتے‘ محلے کی عورتیں اور بچے اپنے اپنے گھروں میں لفافے بناتے‘ یہ شخص لفافے جمع کرتا‘ یہ لفافے مارکیٹ میں بیچ دیتا‘ اپنی کمیشن اور ردی کاغذ کی قیمت جیب میں ڈالتا اور محلے کی عورتوں کو لفافے بنانے کا معاوضہ دے دیتا۔ اس سے یہ لوگ بھی خوش حال ہو گئے اور محلے کی عورتوں کی معاشی حالت میں بھی تبدیلی آگئی۔ اس شخص نے چند ماہ بعد نوکری چھوڑ دی اور فل ٹائم لفافہ انڈسٹری کے ساتھ وابستہ ہو گیا۔ یہ کام چل نکلا تو اس نے دوستوں‘ عزیزوں اور رشتے داروں سے قرض لیا اور گھر میں پلاسٹک کے شاپنگ بیگز بنانے کا چھوٹا سا یونٹ لگا لیا‘ یہ کام بھی چل نکلا اوروہ کاغذ کے لفافوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے شاپنگ بیگز کا سپلائر بھی بن گیا‘ خوشحالی آئی تو یہ اپنے ساتھ اخراجات بھی لائی‘ یہ لوگ چھوٹے گھر سے بڑے گھر میں منتقل ہو گئے‘ یہ موٹر سائیکل سے گاڑی پر آ گئے‘ انہوں نے بچوں کو مہنگے سکولوں میں داخل کرا دیا اور ان کے فریج‘ ٹیلی ویژن اور واشنگ مشین کا سائز بھی بڑا ہو گیا‘ بڑے خرچے چلانے کیلئے زیادہ رقم چاہئے تھی چنانچہ شاپنگ بیگز کا یونٹ چھوٹی سی فیکٹری بن گیا‘ فیکٹری میں ملازم رکھے گئے تو ملازموں کی تنخواہوں کا ایشو بھی آیا چنانچہ تنخواہیں پوری کرنے کیلئے مارکیٹنگ کی ٹیم رکھی گئی‘ مارکیٹنگ کی ٹیم نے نئے گاہک تلاش کئے‘ نئے گاہکوں نے نئی مصنوعات کا تقاضا کیا‘ نئی مصنوعات کیلئے نئی ٹیکنالوجی خریدی گئی‘ نئی ٹیکنالوجی مسابقت (کمپی ٹیشن) لے کر آئی‘ کمپی ٹیشن نے ایڈور ٹائزنگ کا دروازہ کھولا‘ ایڈورٹائزنگ معاشرے میں کلچرل چینج کا باعث بنی اور یوں غفورا‘ عبدالغفور‘ محمد عبدالغفور‘ شیخ محمدعبدالغفور‘ سیٹھ محمد عبدالغفور اور جی ایم برادرز بنتا چلا گیا۔ یہ اب پاکستان کے چند بڑے ارب پتی بزنس مینوں میں شمار ہوتا ہے‘‘۔ انہوں نے لمبی سانس لی اور بولے ’’ تم ایک لمحے کیلئے سوچو‘ اگر 1974ء میں اس کا دوہزار روپے میں گزارا ہوتا رہتا‘ مہنگائی کا ریلا نہ آتا‘ مالک مکان کرایہ نہ بڑھاتا یا پھر اس کا مالک اس کی تنخواہ میں پانچ سو یا ہزار روپے کا اضافہ کر دیتا تو یہ آج کہاں ہوتا؟ کیایہ ابھی تک اسی دکان پر جھاڑو نہ مار رہا ہوتا اور اس کے بچے شہر میں ریڑھیاں نہ لگا رہے ہوتے لہٰذا تم دل پر ہاتھ رکھ کر بتاؤ کیا مہنگائی اس کیلئے نعمت ثابت نہیں ہوئی‘‘ وہ خاموش ہو کر میری طرف دیکھنے لگے۔
Copied……..

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔