#hamidnaved
حجاز کی آندھی (عنایت اللہ التمش)
قسط نمبر 30
مختلف مؤرخوں میں تعداد کا تھوڑا تھوڑا اختلاف پایا جاتا ہے۔ محمد حسنین ہیکل نے جن مؤرخوں کے حوالے دیئے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ مجاہدین کی تعداد اس وقت ساٹھ ہزار تھی۔ یہ تعداد اس وجہ سے صحیح تسلیم کی جا سکتی ہے کہ مدینہ سے وقتاً فوقتاً کمک جاتی رہتی تھی۔ یہاں تعداد کا ذکر اس لئے آیا ہے کہ مالِ غنیمت تقسیم کیا گیا تھا اور ہر مؤرخ نے تعداد لکھی ہے کہ یہ مالِ غنیمت کتنے ہزار مجاہدین میں تقسیم ہوا تھا۔
ہم زیادہ تر مؤرخوں کی تعداد کو ہی مستند سمجھتے ہیں جو ساٹھ ہزار ہے۔
سعد ؓبن ابی وقاص نے اس لشکر میں مالِ غنیمت تقسیم کیا۔ مالیت کے لحاظ سے ہر مجاہد کے حصے میں بارہ بارہ ہزار دینار مالیت کا مالِ غنیمت آیا۔ ابھی خاصا مالِ غنیمت بچا ہوا تھا ۔کچھ مجاہدین ایسی شجاعت اور دلیری سے لڑے تھے تھے جو غیر معمولی ہی نہیں بلکہ نا وقابلِ یقین تھی۔ انہیں انعام کے طور پر کچھ فالتو حصہ دیا گیا۔ یہ امیر المومنین ؓکا حکم تھا کہ مالِ غنیمت بچ جائے تو وہ اُن مجاہدین میں تقسیم کر دیا جائے جو سب سے زیادہ شجاعت سے لڑے ہوں ۔
شجاعت کے ان کارناموں میں یہ کارنامہ خاص طور پر شامل تھا کہ بعض مجاہدین نے فارسی جرنیلوں کا حفاظتی حصار توڑ کر انہیں قتل کیا تھا۔ مدینہ کو بھیجنے کیلئے خمس الگ کر دیا گیا تھا ۔یہ ایک قبیلے کے سردار بشیر بن خصاصیہ لے کر مدینہ کو روانہ ہوئے ۔
یہ خاصا بڑا قافلہ تھا، جس کے ساتھ باڈی گارڈز کے طور پر مجاہدین کی چھوٹی سی ایک جماعت بھی بھیجی گئی تھی۔ تاریخ کے مطابق سعد ؓبن ابی وقاص نے حضرت عمرؓ کو مدائن کی فتح اور مالِ غنیمت کی تفصیلات لکھ کر بھیج دی تھیں اور یہ خاص طور پر لکھا تھا کہ مجاہدین نے مالِ غنیمت اکٹھا کر کے خزانچی کے حوالے کرنے میں خصوصی دیانتداری کی ہے۔
مالِ غنیمت کا قافلہ مدینہ سے کچھ دور ہی تھا کہ مدینہ والوں کو اطلاع مل گئی۔ مدینہ کی ساری آبادی امڈ کر اس راستے پر دوڑ پڑی جس راستے سے قافلہ آرہا تھا۔ لوگوں کے دلوں میں مالِ غنیمت کا لالچ نہیں تھا۔ وہ فاتح مجاہدین کے استقبال کیلئے گئے تھے۔ قافلہ جب مدینہ میں داخل ہوا تو فتح و نصرت کے نعروں سے زمین و آسمان ہل رہے تھے۔
مالِ غنیمت امیر المومنین ؓتک پہنچ گیا اور کھولا گیا۔
مؤرخ لکھتے ہیں کہ سعدؓ بن ابی وقاص نے حضرت عمر ؓکو تفصیل سے لکھا تھا کہ مالِ غنیمت حیرت انگیز ہے ۔پھر بھی حضرت عمر ؓنے یہ مال و دولت دیکھی تو ان کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں اور کچھ دیر ان کا بھی منہ کھلا رہا۔ یہ حیرت زدگی کا تاثر تھا۔ وہاں جتنے لوگ بھی موجود تھے ان سب پر سناٹا طاری ہو گیا تھا۔
’’خدا کی قسم!‘‘حضرت عمرؓ نے یکلخت سناٹا توڑا۔’’ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ لوگ انتہا درجے کے امانت دار اور دیانتدار ہیں جنہوں نے یہ چیزیں نہ جانے کہاں کہاں سے لیں اور اپنے سپہ سالار کے حوالے کردیں!‘‘
’’حیران مت ہو ابنِ الخطاب!‘‘حضرت علیؓ نے حضرت عمرؓ سے کہا۔’’ تیرا دامن پاک ہے۔ اس لئے تیری رعایا کا دامن بھی پاک ہے۔اگر تیری نیّت ٹھیک نہ ہوتی تو ہمارے لوگوں کی نیّتوں میں بھی فتور آجاتا۔‘‘
’’میں کسریٰ کی یہ پوشاکیں ، تلواریں اور یہ زرہیں سب کو دکھاؤں گا۔‘‘حضرت عمرؓ نے کہا۔ ٭
حضرت عمرؓ کے حکم سے ایک میدان میں لکڑیاں گاڑی گئیں ۔ان پر فارس کے بادشاہوں کی پوشاکیں ،تلواریں، زرہیں اور ڈھالیں لٹکا دی گئیں۔ مدینہ کے اردگرد دیہات میں بھی منادی کرائی گئی کہ مدینہ آکر یہ چیزیں دیکھیں ۔
مؤرخ لکھتے ہیں کہ مدینہ میں میلہ لگ گیا۔ لوگ فارس کے بادشاہوں کی پوشاکیں دیکھ دیکھ کر حیران ہوتے تھے کہ ایسے انسان بھی ہیں جو یہ پوشاکیں پہنتے ہیں۔ حضرت عمرؓ نے ایک دلچسپ کام کیا۔ انہوں نے مدینہ کے ایک جسیم آدمی سراقہ بن حعبثم کو بلایا اور کسریٰ پرویز کا لباس اسے پہنایا۔ اس کے ہتھیار بھی اس کی کمر سے باندھے اور سر پر کسریٰ کا تاج رکھا۔
’’پیچھے ہٹو۔‘‘ حضرت عمر ؓنے سراقہ سے کہا۔ سراقہ دو چار قدم پیچھے ہٹ گیا۔ ’’آگے آؤ۔‘‘ حضرت عمر ؓنے کہا۔ سراقہ آگے بڑھا۔ ’’ﷲ ،ﷲ!‘‘حضرت عمرؓ نے کچھ جذباتی سے لہجے میں کہا۔
’’بنو مدلج کا ایک عربی اور اس کے جسم پر کسریٰ کا لباس……
اے سراقہ! ایسے دن بھی آنے تھے کہ تیرا جسم کسریٰ کے شاہانہ لباس میں ملبوس ہو۔ یہ تیرے لیے اور تیری قوم کیلئے باعثِ شرف اور باعثِ فخر ہے۔
‘‘ حضرت عمرؓ نے دو تین اور جسیم آدمیوں کو مختلف بادشاہوں کے شاہانہ لباس پہنائے اور انہیں بڑی ہی غور سے دیکھا۔ لوگوں پر تو جیسے سحر طاری ہو گیا تھا۔ حضرت عمرؓ کے سامنے صرف یہ شاہانہ ملبوسات اور تاج ہی نہیں تھے بلکہ ان کے سامنے وہ تمام مالِ غنیمت تھا جو مدائن سے آیا تھا۔
’’یا ﷲ!‘‘حضرت عمرؓ نے دونوں ہاتھ پھیلا کر آسمان کی طرف دیکھا اور بلند آواز سے بولے۔’’ تو نے اتنا مال و دولت اپنے رسولﷺ کو نہیں دیا حالانکہ وہ تجھے مجھ سے زیادہ عزیز تھے، اور تیرے محبوب تھے۔ تو نے اپنے محبوب کے پہلے خلیفہ ابو بکر کو بھی یہ مال و دولت نہیں دیا ۔وہ بھی تجھے مجھ سے زیادہ عزیز تھے۔ تو نے مجھے اس اتنے بڑے انعام سے کیوں نوازا ہے ؟
میں اس قابل تو نہ تھا……میرے ﷲ میں تیری پناہ مانگتا ہوں ۔کہیں ایسا تو نہیں کہ تیری ذاتِ باری نے مجھے اتنے سخت امتحان میں ڈال دیا ہے۔ مجھے اتنی کٹھن آزمائش میں نہ ڈال میرے ﷲ
‘‘ طبری اور بلاذری نے لکھا ہے کہ پہلے تو حضرت عمرؓ کی آنکھیں نمناک ہوئیں ۔پھر آنسو بہہ نکلے اور پھر وہ ایسا روئے کہ ان کی ہچکی بندھ گئی۔ لوگوں کو اُن پر رحم آگیا۔ تین چار آدمی آگے بڑھے اور انہیں اپنے اپنے الفاظ اور انداز میں سمبھالا دیا۔
کچھ دیر بعد حضرت عمر ؓاپنے آپ پر قابو پا سکے۔ غور فرمائیے، یہ وہ عمرؓ بن الخطاب تھے جن کے سامنے جلیل القدر صحابہ ؓبھی بات کرتے تو سوچ کرکرتے تھے ۔ان کی شخصیت سے ہر کوئی مرعوب تھا۔ اس رعب میں تقدس بھی تھا۔وہ حضرت عمرؓ بچوں کی طرح روئے تھے۔ ’’
ﷲ کی پناہ مانگو لوگو!‘‘حضرت عمرؓ نے حاضرین سے کہا۔’’ اتنی زیادہ دولت ،اتنی زیادہ نعمتیں اور اتنی زیادہ آسودگی ایک طلسم ہے۔ ایسا طلسم جس میں ابلیس کا فتنہ ہے اور یہ ہر کسی کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔ اسکے جال میں آنے والے سمجھتے ہیں کہ وہ دانشمند ہو گئے ہیں۔ لیکن وہ نہیں سمجھتے کہ ان میں جو عقل و دانش تھی وہ بھی نہیں رہی اور ان کی روحانی قوتیں او ر صلاحیتیں بیکار ہو گئی ہیں……
اے عرب کے لوگو! دولت اور یہ زر و جواہرات انسان کو انسانیت کے درجے سے گرا دیتے ہیں۔ اپنے پاس اتنا ہی رکھو جس سے تمہاری ہر ضرورت پوری ہو جائے اور تم کسی کے محتاج نہ رہو۔
اصل دولت ﷲ کی خوشنودی ہے ……یہ بھی سوچو کہ ﷲ تعالیٰ نے آلِ ساسان کی یہ دولت تمہیں آزمائش کیلئے ہی عطا نہ کی ہو۔‘‘
’’آلِ ساسان کی دولت سے اتنا بھی مرعوب نہ ہو ابن الخطاب!
‘‘عبدالرحمٰنؓ بن عوف نے حضرت عمرؓ سے کہا۔’’ یہ فاتح مجاہدین کا جائز حق ہے۔‘‘
’’خداکی قسم!‘‘حضرت عمر ؓنے کہا۔’’ سورج غروب ہونے سے پہلے پہلے یہ مال و دولت تقسیم کر دوں گا۔ اسے میں اپنی نظروں کے سامنے زیادہ وقت رکھوں گا ہی نہیں۔‘‘
حضرت عمر ؓنے وہی کیا جو کہا تھا ۔کچھ اپنی مرضی سے اور کچھ مشیروں اور صحابہ کرامؓ کے مشوروں سے، سورج غروب ہونے سے پہلے پہلے تمام مالِ غنیمت تقسیم کر دیا۔
جن شہیدوں کے نام ان تک پہنچے تھے، ان کے پسماندگان کو کچھ حصہ فالتو دیا۔ پیچھے وہ قالین رہ گیا جسے فارسی بہار کہتے تھے ۔اس کی جس طرح سے تقسیم ہوئی وہ پہلے بیان ہو چکی ہے۔ ٭
سعدؓ بن ابی وقاص نے مدائن کے محل سے بادشاہوں کا تخت اٹھوا کر منبر رکھوا دیا اور کسریٰ کے اس دربار کو مسجد بنا لیا۔ سعدؓ نے اس ایوانِ شاہی میں جو پہلی نماز پڑھی وہ نمازِ جمعہ تھی۔ وہ جمعہ کا دن تھا اور نمازِ جمعہ کا وقت تھا۔ جب سعد ؓاس محل میں داخل ہوئے تھے۔ اس کے بعد یہاں ہرنماز باجماعت پڑھی جاتی تھی۔ ایک روایت ہے کہ جب مجاہدین مدائن کے محل میں جا رہے تھے تو محل کے دروازے پر لکھا تھا ’’آتش کدہ نو بہار۔‘‘ اس کے نیچے فارسی زبان میں لکھا تھا ۔’’بادشاہ کے دربار میں وہ حاضری دے جس کے پاس علم حوصلہ اور دولت ہو۔
‘‘ ایک مجاہد نے ایک فارسی سے پوچھا کہ یہ کیا لکھا ہے؟ فارسی نے اس تحریر کا ترجمہ کر کے سنایا ۔مجاہد نے اس تحریر کے نیچے عربی زبان میں لکھ دیا:
’’جس کے پاس علم، حوصلہ یا دولت یا ان میں سے ایک بھی چیز ہو گی اسے شاہی دربار میں حاضری دینے کی ضرورت ہی نہیں۔‘‘
جس وقت کسریٰ کے محل میں نمازیں پڑھی جا رہی تھیں اس وقت یزدگرد حلوان میں اس حالت میں تھا کہ کسی کے ساتھ بات بھی نہیں کرتا تھا اور زیادہ تر تنہا رہتا تھا ۔
یوں معلوم ہوتا تھا جیسے وہ شہنشاہیت سے ہی نہیں بلکہ زندگی سے ہی بیزار ہو گیا ہو۔ اس کے کمرے میں اس کی ماں جاتی تھی یا پوران ۔ کبھی کبھی وہ انہیں بھی کہہ دیا کرتا تھا کہ وہ اسے تنہا چھوڑ دیں۔ اس کی ماں نورین اسے اس کیفیت میں دیکھتی تو بہت روتی تھی ۔وہ جانتی تھی کہ اس کے نوجوان بیٹے کو کون سا غم کھائے جا رہا ہے۔ وہ صرف ایک امید دل میں لیے ہوئے تھا۔ اس کا خیال تھا کہ شکست کو فتح میں بدلنا تو ممکن نہیں رہا لیکن جنگ اور مسلمانوں کی پیش قدمی کو روکا جا سکتا ہے۔ اس نے اپنا ایک وفد مدائن میں اس پیش کش کے ساتھ بھیجا کہ دجلہ کو عرب اور عجم کے درمیان حدِ فاضل بنا دیا جائے اور جنگ بند کر دی جائے۔ ’’
کیا تمہارے بادشاہ یزدگرد کا دماغ ٹھیک نہیں رہا؟ ‘‘سعد ؓبن ابی وقاص نے یزدگرد کے ایلچی سے کہا ۔’’
کیا وہ بھول گیا ہے کہ وہ پہلے بھی یہ پیش کش کر چکا ہے اور میں اس کی آدھی سلطنت کی پیش کش کو ٹھکرا چکا ہوں۔ اب جب کہ ہم نے مدائن بزورِ بازو قبضہ کر لیا ہے اور مالِ غنیمت کی تقسیم بھی ہو رہی ہے تو میں ایسا احمق کیوں بن جاؤں کہ اتنی جدوجہد اور قربانی سے جو چیز حاصل کی ہے وہ میں تمہیں دے دوں ……
اور اپنے شہنشاہ سے کہنا کے اس کے باپ نے ہمارے رسولﷺ کے پیغامِ حق کی توہین ایسی کی تھی کہ جسے کوئی مسلمان برداشت نہیں کر سکتا۔‘‘ یزدگرد کا وفد مایوس و نامراد واپس چلا گیا۔ ٭
اور یہ مایوسی حلوان پر سیاہ گھٹا بن کر چھا گئی ۔اس جیسے بادشاہ جب غمگین ہوتے تو حسین و جمیل کنیزوں سے رقص و سرور اور شراب سے دل بہلایا کرتے تھے۔ لیکن یزدگرد تمام کنیزوں اور حرم کی تمام عورتوں کو مدائن میں ہی چھوڑ آیاتھا، ان میں سے چند ایک نوجوان لڑکیاں بھاگ گئی تھیں اور جو محل میں ہی رہ گئی تھیں انہوں نے اپنے آپ کو مسلمانوں کے حوالے کر دیا تھا اور سعدؓ بن ابی وقاص نے انہیں مدینہ بھیج دیا تھا۔ انہیں یقین دلا دیا گیا تھا کہ ان کے ساتھ یہ سلوک نہیں ہو گا جو اس محل میں ہوتا رہا ہے۔ بلکہ انہیں باقاعدہ بیویاں بنایا جائے گا اور معاشرے میں انہیں با عزت مقام حاصل ہو گا۔ یزدگر نے شراب بھی چھوڑ دی تھی۔ ’’
یزدی!‘‘ ایک روز پوران اس کے پاس جا بیٹھی اور اسے اپنے بازوؤں میں لے لیا۔ پھر اس کا سر اپنے سینے سے لگا کر کہا۔’’ میں جانتی ہوں تمہارے سینے میں کیسے کیسے زہریلے سانپ بل کھا رہے ہیں، لیکن جوان مرد اپنی یہ حالت نہیں بنا لیا کرتے۔ میں بھی وہی محسوس کر رہی ہوں جو تم کر رہے ہو۔‘‘
یزدگرد آخر نوجوان تھا۔ اسے ماں نے اپنے سینے سے لگا کر اور شہر سے دور گمنام سے ایک گاؤں میں چھپا کر پالا تھا۔ اسے عملی زندگی کا کوئی تجربہ نہ تھا ۔فنِ حرب و ضرب سے وہ بے بہرہ تھا ۔اس کے پاس جوش و خروش تھا اور اس کے دل میں سلطنتِ فارس کی محبت تھی۔ پوران نے اسے پیار سے اپنے ساتھ لگایا تو وہ بچوں کی طرح رو پڑا اور روتا ہی گیا۔ ’’
دنیا مدائن پر نہیں ختم ہوجاتی یزدی!‘‘پوران نے کہا۔’’ اور سلطنتِ فارس بھی مدائن پر ختم نہیں ہو گئی۔ اگر تم نے اس طرح حوصلہ ہار دیا تو عرب پورے عجم پر غالب آجائیں گے ۔‘‘
’’اپنی بد نصیبی پر رونا آتا ہے پوران! ‘‘یزدگرد نے کہا۔’’ وہ وقت یاد آتا ہے جب لوگ مجھے میری ماں کی مرضی کے خلاف مدائن لائے تھے اور تم میرے حق میں تخت وتاج سے دستبردار ہوئی تھیں۔ لوگوں نے یہ توقع مجھ سے وابستہ کر لی تھی کہ میں عربوں کو تباہ و برباد کر کے فارس کا وقار اور رعب بحال کر دوں گا مگر میں ناکام رہا۔ مجھے اپنی عظیم سلطنت کی تاریخ یاد آتی ہے ۔ہمارے آباؤ اجداد نے عراق پر یلغار کر کے یہ اتنا وسیع و عریض اور اتنا سر سبز اور زرخیز علاقہ سلطنتِ فارس میں شامل کر لیا تھا۔ ہم جو بنی ساسان تھے ہم نے ساری دنیا پر اپنی جنگی طاقت کی دھاک بٹھا دی تھی۔
رومی ساسانیوں کے آگے نہ ٹھہر سکے۔ یونانی نہ ٹھہر سکے۔ مگر آج معمولی سی ایک قوم نے جس کا کوئی ماضی نہیں، سلطنتِ فارس کی عظمت کو پامال کر دیا ہے۔ آنے والی نسلیں کہیں گی کہ اس شکست کا قصور وار یزدگرد تھا۔‘‘
’’ہم مر تو نہیں گئے یزدی!‘‘پوران نے کہا۔’’ہمارے پاس فوج ہیں ،وسائل ہیں۔‘‘
’’مجھے رستم کی پیش گوئی یاد آتی ہے۔‘‘ یزدگرد نے شکست خوردہ لہجے میں کہا ۔’’وہ کہتا تھا کہ سلطنتِ فارس کا انجام بہت برا ہو گا۔ وہ شاید ٹھیک کہتا تھا۔‘‘
’’رستم مر گیا ہے۔‘‘ پوران نے جھنجھلا کر کہا ۔’’اس کی پیش گوئیاں مر گئی ہیں۔ یہ اس نے اپنے متعلق کہا تھا کہ اس کا انجام بہت برا ہو گا۔ وہ بہت ہی برے انجام کو پہنچا ۔تم اس انجام سے بچنے کی کوشش کرو۔‘‘ ’’لیکن کیسے؟؟؟
–
‘‘ یزدگرد نے پوچھا۔’ فوج کہاں ہے ؟ ہمارے بزدل جرنیل کہاں ہیں؟
کچھ تو مارے گئے ہیں باقی چھپتے پھر رہے ہیں۔‘‘
’’فوج بھی ہے ،جرنیل بھی ہیں۔‘‘ پوران نے کہا۔’’ سب جلولامیں ہیں ۔مہران، فیروزان، خرزاد ۔یہ تینوں جرنیل وہاں موجود ہیں۔ وہ فوج کو اکٹھا کر کے منظم کر رہے ہیں۔‘‘
’’نہیں پوران‘‘ یزدگرد نے حقارت آمیز لہجے میں کہا۔’’ ان پر عربوں کا خوف طاری ہو چکا ہے۔ یہ سب میدان کے بھگوڑے ہیں۔ ان پر کس طرح اعتبار کیا جا سکتا ہے ۔میں ایک اور شکست کا صدمہ برداشت نہیں کر سکوں گا ۔‘‘
’’کیا تم یہ سمجھے بیٹھے ہو کہ عرب کے یہ مسلمان مدائن میں ہی بیٹھے رہیں گے؟‘‘ پوران نے قدرے غصے سے کہا۔’’ وہ وہاں تک پہنچیں گے جہاں تم ہو گے۔ کیا تم ان کے آگے بھاگے بھاگے پھرو گے؟ بھاگو گے تو کہاں تک جاؤ گے؟ ہمارے جرنیل اتنے بزدل نہیں جتنے تم ہو گئے ہو؟ تم ڈر پوک ہو یزدی پوری سلطنت عربوں کو دے کر دم لو گے۔‘‘
’’تم مجھے تنہا کیوں نہیں چھوڑ دیتیں؟‘‘ یزدگرد نے جھنجھلا کر کہا۔ ’’تم تنہا رہو۔‘‘ پوران نے اٹھتے ہوئے کہا۔ ’’میں لڑوں گی۔ میں نے تینوں جرنیلوں سے بات کر لی ہے۔ جلولا کو ہم بڑا مضبوط مرکز بنا رہے ہیں اور جرنیلوں نے جلولا کے دفاع کا انتظام ایسا کیا ہے کہ مسلمان وہاں سر ٹکرا تے رہیں گے اور ختم ہو جائیں گے۔‘‘ پوران غصے کے عالم میں باہر کو چل پڑی۔
’ٹھہر جاؤ پوران ‘‘یزدگرد نے کہا۔ پوران رک گئی اور پیچھے کو مُڑی۔ ’’مجھے جلولا لے چلو۔‘‘یزدگرد نے کہا۔ پوران اسی وقت اسے جلولا لے گئی۔ ٭
جلولا مدائن سے تقریباً چالیس میل دور ایک شہر تھا۔ سعد ؓبن ابی وقاص نے مدائن میں اپنے لشکر کے ساتھ قیام کر رکھا تھا اور انہوں نے اپنے جاسوس حلوان اور جلولا تک بھیجے ہوئے تھے ۔ان جاسوسوں میں مقامی آدمی تھے۔ جن میں وہ عربی تھے جو بڑی لمبی مدت سے عراق میں آباد تھے ۔ایک روز دو جاسوس آئے۔ ’’جلولا میں فارسیوں نے بہت بڑی فوج جمع کر لی ہے۔‘‘ ان جاسوسوں نے سعد ؓبن ابی وقاص کو بتایا۔’’ خرزاد نے جو رستم کا بھائی ہے، ایسی جنگی تدبیر پر عمل کیا ہے جو مجاہدین کے لشکر کیلئے بہت ہی زیادہ مشکلات پیدا کر دے گی۔ شہر کے اردگرد گہری اور اتنی چوڑی خندق کھود دی گئی ہے، جسے کوئی طاقتور گھوڑا بھی نہیں پھلانگ سکتا ۔شہر کے باہر آنے جانے کیلئے کچھ جگہیں چھوڑی گئی ہیں ،جہاں خندق نہیں ہے۔خندق کے اردگرد لوہے کے نوکیلے تار بچھا دیئے گئے ہیں۔ انہی تاروں سے شہرمیں آنے جانے والے راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔‘‘ ’’شہر کے اندر کیا کیفیت ہے؟‘‘ سعدؓ بن ابی وقاص نے پوچھا۔’’
لوگوں کے ،فوج کے اور جرنیلوں کے ارادے اور خیالات کیسے ہیں ؟ کیا ان سب پر ہمارا رعب پہلے جیسا طاری ہے یا نہیں؟‘‘
’’یزدگرد اور پوران وہاں پہنچ چکے ہیں ۔‘‘ایک جاسوس نے کہا ۔’’انہوں نے اپنی فوج کو ایسا گرمایا اور بھڑکایا ہے کہ شہری بھی فوج میں شامل ہو گئے ہیں ۔وہ بھگوڑے جو قادسیہ اور مدائن سے بھاگے تھے ،وہ سب جلولا میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔ ہم نے ان کے جرنیلوں کی تقریریں سنی ہیں۔ انہوں نے اپنی فوج سے اور دوسرے لوگوں سے کہا ہے کہ ہم یہاں مقابلے میں جم گئے تو مسلمان محاصرے میں بیٹھے بیٹھے ہی کمزور ہو جائیں گے، اور اگر ہم یہاں بھی پیٹھ دکھا گئے تو پھر ہمیں اور ہماری نوجوان لڑکیوں اور عورتوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔ جرنیلوں نے فوج سے یہ بھی کہا ہے کہ یہاں عربوں سے ہم بڑا ہی زبردست مقابلہ کریں گے۔ اگر ہم نے انہیں شکست دیدی تو سلطنت کے وہ تمام علاقے جو مسلمانوں کے قبضے میں چلے گئے ہیں واپس آجائیں گے، اور یہاں کے لوگ ہمیں سر آنکھوں پر بٹھائیں گے ۔اگر فتح مسلمانوں کی ہوئی تو فارس کے لوگ ہم پر یہ الزام نہیں لگائیں گے کہ ہم لڑے نہیں تھے۔‘‘
’’یزدگرد جلولا میں ہی ہو گا۔‘‘ ’’نہیں امیرِ لشکر‘‘دوسرے جاسوس نے جواب دیا۔’’وہ پوران کے ساتھ جلولا آیا تھا۔ پوران بہت ہی جوشیلی عورت ہے۔ وہ لوگوں کے گھروں میں جا کر عورتوں اور کم سن لڑکیوں اور لڑکوں کو بھی جنگ کیلئے تیار کر رہی ہے۔ اس کے بولنے کا انداز ایسا پُر اثر ہے کہ جو اسے سنتا ہے وہ آگ بگولا بن جاتا ہے۔ یزدگرد واپس حلوان چلا گیا ہے۔ جلولا میں اس قدر اناج پانی اور روز مرہ ضرورت کی تمام اشیاء جمع کر لی گئی ہیں جو فوج کیلئے بھی اور شہریوں کیلئے بھی ایک سال سے زیادہ عرصے کیلئے کافی ہوں گی۔‘‘
’’اور امیرِ لشکر‘‘اس جاسوس کے ساتھی نے کہا۔’’ جرنیلوں نے اور ہر ایک فوجی نے حلف اٹھا کر عہد کیا ہے کہ عربوں کو جلولا کی دیوارکے باہر ختم کر کے ان کی لاشیں خندق میں پھینک کر مٹی ڈال دیں گے۔ ‘‘
’’کیا بھگوڑے فوجی ابھی تک آرہے ہیں؟‘‘ ’’ہاں امیرِ لشکر‘‘جاسوس نے جواب دیا۔’’ وہ خود بھی آرہے ہیں اور انہیں ڈھونڈ ڈھونڈ کر بھی لایا جا رہا ہے۔ جلولا کے لوگ ہر آنے والے فوجی کا والہانہ استقبال کرتے ہیں اور پھر اس سے وہی حلف لیا جاتا ہے جو دوسروں سے لیا گیا ہے ۔مدائن سے بھاگے ہوئے شہری جلولا میں خیموں میں رہ رہے ہیں۔ وہ سب لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ تیغ زنی اور تیر اندازی کی مشق کرتے رہتے ہیں ۔‘‘ بعض مؤرخوں نے جلولا کے دفاعی انتظامات اور شہر میں جو فوج تھی اس کی تفصیلات لکھی ہیں ۔اتنی زیادہ فوج کے مارے جانے کے باوجود جلولا میں مقیم فوج مسلمانوں کی نسبت کم و بیش تین گنا زیادہ تھی۔ ایک روایت یہ بھی ہے کہ سعدؓ بن ابی وقاص کسی بہروپ میں جلولا گئے اور کچھ دور سے خندق اور خار دار تار دیکھی۔ ٭
سعد ؓبن ابی وقاص نے امیر المومنینؓ کو آتش پرستوں کی ان تیاریوں کی تفصیل لکھی اور یہ بھی لکھا کہ معلوم ہو تا ہے کہ یہ فارسیوں کا آخری مضبوط مورچہ ہے اور وہ وہاں آخری معرکہ لڑنا چاہتے ہیں۔ امیر المومنین ؓنے فارسیوں کے دفاعی انتظامات اور تیاریوں کی تفصیلات پڑھ کر لکھا کہ ہاشم بن عتبہ کو بارہ ہزار مجاہدین دے کر جلولا بھیجا جائے۔ ہراول میں قعقاع بن عمرو ہوں گے۔ دائیں پہلو پر مشعر بن مالک بائیں پہلو پر عمرو بن مالک اور پیچھے والے حصے کے کماندار عمرو بن مرّہ ہوں گے۔ حضرت عمرؓ نے اور بھی کچھ ہدایات دی تھیں۔ انہوں نے زور دے کر لکھا کہ ایک ہی بار سارا لشکر جلولا کی لڑائی میں نہ جھونک دینا۔ مدائن کا دفاع مضبوط رکھنا۔ جلولا سے اپنی پسپائی بھی ہو سکتی ہے۔ اس صورت میں مدائن کو بچانا مشکل ہو جائے گا۔ اس مشکل کا حل پہلے ہی تیار رکھنا۔ امیر المومنینؓ کا حکم ملتے ہی سعد ؓبن ابی وقاص نے بارہ ہزار کا لشکر تیار کیا، اور اسے چار حصوں میں تقسیم کر کے اس کے سالار مقرر کیے اور انہیں بتایا کہ جلولا میں انہیں کیسا دفاع ملے گا۔
’’اور یاد رکھ میرے بھائی کے بیٹے‘‘سعد ؓبن ابی وقاص نے اپنے بھتیجے ہاشم بن عتبہ سے کہا۔’’ تو بڑی سخت آزمائش میں جا رہا ہے۔ ہمارا خاندان ناکامی اور شکست کے صرف نام سے واقف ہے، کبھی شکست کھائی نہیں۔ ہم کبھی ناکام نہیں ہوئے۔ اگر تو ناکام رہا تو زندہ واپس نہ آنا۔ تیری لاش آئی تو میں اسے نہیں دیکھوں گا۔‘‘
’’کیا مجھے کمک کی امید رکھنی چاہیے؟ ‘‘ہاشم نے پوچھا۔ ’’میں تیری پیٹھ پیچھے رہوں گا۔‘‘ سعد ؓبن ابی وقاص نے کہا۔’’ میں خود محسوس کرلوں گا کہ تجھے کمک کی ضرورت ہے اور وقت سے پہلے تجھے کمک مل جائے گی۔ قعقاع بن عمرو تیرے ساتھ ہے اور تیرے ماتحت دوسرے جو سالار جا رہے ہیں، وہ امیر المومنین کے منتخب کیے ہوئے ہیں ۔ان میں سے کوئی بھی تجھے دھوکا نہیں دے گا ۔ایسا نہ ہو کہ تو ہی انہیں دھوکا دے جائے۔ یہ بھی سن لے ۔آگ کے پجاریو نے قسم کھائی ہے کہ وہ ہمیں خندق کے باہر ہی تباہ کر کے لاشیں خندق میں پھینک دیں گے۔‘‘
سعدؓ بن ابی وقاص نے ہاشم بن عتبہ کو بتایا کہ فارس کی فوج کا محصور ہو کر لڑنے کا انداز یہ ہے کہ اس کے دو چار دستے باہر آکر زور دار حملہ کرتے اور قلعے میں واپس چلے جاتے ہیں۔ ’’میں فارسیوں سے ہی لڑتا آرہا ہوں۔‘‘ ہاشم نے کہا۔’’ اگر میں قادسیہ اور بُہرشیر کی لڑائی میں بزدل نہیں رہا تو اب بھی بزدل نہیں بنوں گا۔ کیا یہ بہتر نہیں کہ میں جلولا کی طرف چل پڑوں؟‘‘
’’ہاں میرے بھائی کے بیٹے‘‘سعد ؓبن ابی وقاص نے کہا۔’’ ﷲ حافظ۔ تو ہر جگہ ﷲ کو اپنے ساتھ پائے گا۔‘‘ ٭
ہاشم بن عتبہ کا لشکر فجر کی نماز پڑھ کر چلا اور سورج غروب ہونے سے پہلے جلولا پہنچ گیا۔ ہاشم اور اس کے سالاروں کو بتا دیا گیا تھا کہ جلولا کے دفاعی انتظامات کیا ہیں۔ لیکن انہوں نے وہاں جاکر یہ انتظامات دیکھے تو پریشان ہوگئے۔ وہاں تو محاصرے میں بیٹھنے والی بات تھی۔ دیوار تک پہنچنا ہی ناممکن تھا ۔اتنی چوڑی خندق اور جہاں تین چار جگہوں پر خندق نہیں راستے تھے ،وہاں لوہے کے نوکیلے تاروں کے گچھے تھے۔ شہر کی دیوار پر شہری اور فوجی کھڑے قہقہے لگا رہے تھے اور آوازے کَس رہے تھے۔ دو دروازے کھلے اور بہت سے لوگ خندق کے دو راستوں تک دوڑے آئے۔ انہوں نے بہت تیزی سے ان راستوں سے تار ہٹا دیئے۔ فوراً ہی شہر کے کھلے ہوئے دروازوں سے گھوڑ سواروں کا سیلاب نکلا اور ان دونونں راستوں سے ہی باہر آکر مسلمانوں پر ٹوٹ پڑا۔ مسلمان ابھی ایسی ناگہانی آفت کیلئے تیار نہیں تھے۔ پھر بھی انہوں نے ان سواروں کا مقابلہ کیا۔ ’’ان کی واپسی کے راستے روک لو۔‘‘ یہ قعقاع بن عمرو کی گرجدار آواز تھی، جو بار بار گرجتی تھی۔ مجاہدین نے بھی ’’ان کے راستے روک لو ‘‘کے نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ ان کا خاطر خواہ اثر ہوا۔ فارسی سواروں نے ضرب لگاؤ اور بھاگو کے اصول پر حملہ کرنا، زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا اور واپس چلے جانا تھا۔ ان کے کانوں میں جب یہ للکار پڑی کہ ان کے واپسی کے راستے بند کردو تو ان کا دھیان آگے کے بجائے پیچھے کو ہو گیا۔ وہ زندہ سلامت واپس جانے کی کوشش کرنے لگے۔ مسلمان راستے تو بند نہ کر سکے لیکن تیر انداز مجاہدین نے انہیں بہت نقصان پہنچایا ۔راستے تنگ تھے اور ہر سوار دوسروں سے پہلے واپس جانے کی کوشش میں تھا۔ اسلئے سوار ان تنگ راستوں میں پھنس گئے۔ مجاہدین نے تلواروں اور برچھیوں سے بھی انہیں بہت نقصان پہنچایا ۔مجاہدین کا نقصان معمولی تھا ۔ راستے پھر نوکیلی تاروں سے بند کر دیئے گئے۔ مجاہدین نے مرے ہوئے فارسیوں کو خندق میں پھینکنا شروع کر دیا۔ زخمی گھوڑوں کو بھی خندق میں دھکیل دیا۔ تصور میں لائیں کہ مجاہدین کی تعداد صرف بارہ ہزار تھی اور جلولا ایک بڑا شہر تھا۔ اس کے محاصر ے میں بارہ ہزار مجاہدین بالکل نا کافی تھے۔ اندر سے حملہ آنے کی صورت میں مجاہدین کو اکٹھا ہونا پڑتا تھا ،جس سے محاصرہ ٹوٹ جاتا تھا ۔شہر کے ایک طرف محاصرہ ہو بھی نہیں سکتا تھا کیونکہ اس طرف پہاڑی تھی اور اس میں سے ایک راستہ شہر میں آتا تھا۔ یہ راستہ حلوان اور جلولا کو ملاتا تھا۔ اس سے فارسیوں کو یہ سہولت حاصل تھی کہ کمک اور رسد آسانی سے بھیج سکتے تھے ۔پہلے حملے میں جلولا کے جتنے فوجی مارے گئے حلوان سے اس سے زیادہ فوجی جلولا بھیج دیئے گئے ۔ ٭
یہی معمول بن گیا ۔دو دن گزرتے تھے تو جلولا سے سوار نکلتے اور اسی طر ح حملہ کرتے جس طرح انہوں نے پہلا حملہ کیا تھا ۔ہر حملے میں بہت سے فارسی گھوڑ سوار اور پیادے ہلاک یا زخمی ہو کر پیچھے رہ جاتے اور باقی واپس چلے جاتے۔ سعدؓ بن ابی وقاص نے زخمیوں کو مدائن لے جانے اور ان کی جگہ تازہ دم مجاہدین کو جلولا بھیجنے کا انتظام کر رکھا تھا۔ مدائن سے انہیں گھوڑا گاڑیاں اور بیل گاڑیاں مل گئی تھیں۔ دو مہینے گزر گئے۔ پہلے دن سے ہی پوران نے اپنا یہ معمول بنا لیا تھا کہ جلولا کے اندر فوجیوں کو اکٹھا کر کے بڑی ہی جذباتی اور جوشیلی تقریر کرتی ،جس سے فوجیوں کے حوصلوں میں نئی جان پیدا ہو جاتی اور ان کے جذبے بیدار ہو جاتے ۔ وہ شہریوں کو بھی اسی طرح تقریریں کرکے مشتعل کرتی رہتی تھی۔ دو مہینوں میں جلولا والوں کا اتنا زیادہ جانی نقصان ہو چکا تھا ،جو شہریوں کیلئے نا قابلِ برداشت تھا۔ فوجیوں کے ساتھ شہر کے لوگ بھی باہر آ کر مسلمانوں پر حملے کرتے اور مارے جاتے یا زخمی ہو تے تھے۔ زخمیوں کو پیچھے ہی چھوڑ دیا جاتا تھا۔ انہیں مسلمان مدائن بھیج دیتے تھے ۔یہ جنگی قیدی تھے جنہیں مدینے جا کر غلاموں کی طرح فروخت ہونا تھا۔ ایک روز پوران حسبِ معمول شہر کے گشت کیلئے نکلی تو ایک جگہ بہت سی عورتوں نے اسے گھیر لیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ پوران کو بولنے کا موقع نہ ملا۔ عورتوں نے اسے دیکھتے ہی ہنگامہ بپا کر دیا۔ جوں جوں عورتوں کا شوروغل بڑھتا جا رہا تھا۔ عورتوں کے ہجوم میں بھی اضافہ ہو رہا تھا۔ عورتیں بھول گئی تھیں کہ پوران ملکہ تھی یا شہنشاہِ فارس کی سوتیلی بہن ہونے کی وجہ سے اب بھی اس کا درجہ ملکہ جیسا ہے اور یہ وہ شاہی خاندان ہے، جو قتل کو یوں سمجھتا ہے جیسے دو چار مکھیاں مار ڈالی ہوں۔ ’’پوران تو ماں ہوتی تو تجھے ان ماؤں کے دلوں کی حالت معلوم ہوتی ،جن کے جوان بیٹے تو نے باہر بھیج کر مروا دیئے ہیں ۔‘‘
’’تو نے شادی نہیں کی تو بیوہ ہوتی تو ……‘‘ ’’تیرا کوئی بھائی نہیں مرا پوران‘‘
جاری ہے…

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔