پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حامد الانصاری انجم کی غزلیں — Hamid Ul Ansari Anjum Ghazals

حامد الانصاری انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چمن میں جب بہار آئی تو دیوانے مچل اٹھے (غزل)

چمن میں جب بہار آئی تو دیوانے مچل اٹھے

ہوا جب ذکر چشم مست پیمانے مچل اٹھے

ہوائے فصل گل آئی گھٹا گھنگھور جب چھائی

چلا یوں دور پیمانہ کہ میخانے مچل اٹھے

یقیناً ربط باہم کوئی حسن و عشق میں ہوگا

جلی جب شمع محفل میں تو پروانے مچل اٹھے

پلائے جا ارے ساقی اگر کچھ بھی ہے مے باقی

تری دریا دلی دیکھی تو مستانے مچل اٹھے

کسی جان وفا کا تذکرہ عنوان محفل ہے

بہاریں جھوم اٹھیں اور افسانے مچل اٹھے

کچھ اس انداز سے زنداں میں پیغام بہار آیا

کہ دیوانے تو دیوانے تھے فرزانے مچل اٹھے

چلے اہل جنوں جوش جنوں میں جب بیاباں کو

کیا کانٹوں نے استقبال ویرانے مچل اٹھے

برہمن مست ہوتا ہے فقط ناقوس کی لے پر

سنی بانگ اذاں تسبیح کے دانے مچل اٹھے

مرے اخلاص و جذب دل کی یہ تاثیر ہے انجمؔ

یگانوں کا تو کیا کہنا ہے بیگانے مچل اٹھے

چوٹ کھاتا ہوں مسکراتا ہوں (غزل)

چوٹ کھاتا ہوں مسکراتا ہوں

درد الفت مگر چھپاتا ہوں

ان کے آنے کا آج وعدہ ہے

آرزوؤں کا گھر سجاتا ہوں

صحن گلشن میں کچھ اجالا ہو

آشیاں اس لیے جلاتا ہوں

کارگر ہو سکیں نہ تدبیریں

اب مقدر کو آزماتا ہوں

جس جگہ بھی گزر ہو وحشت میں

اک نہ اک نقش چھوڑ جاتا ہوں

میں ہوں انجمؔ زمین پر لیکن

آسماں پر بھی جگمگاتا ہوں