حامد سروش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سانس لینے کے لیے تازہ ہوا بھیجی ہے (غزل)
سانس لینے کے لیے تازہ ہوا بھیجی ہے
زندگی کے لیے معصوم دعا بھیجی ہے
میں نے بھیجی تھی گلابوں کی بشارت اس کو
تحفۃً اس نے بھی خوشبوئے وفا بھیجی ہے
میں تو قاتل تھا بری ہو کے بھی قاتل ہی رہا
مجھ کو انصاف نے جینے کی سزا بھیجی ہے
کتنے غم ہیں جو سر شام سلگ اٹھتے ہیں
چارہ گر تو نے یہ کس دکھ کی دوا بھیجی ہے
مرحلے اور بھی تھے جاں سے گزرنے کے لیے
کربلا کس نے پس کرب و بلا بھیجی ہے
ہر شخص اپنے آپ میں سہما ہوا سا ہے (غزل)
ہر شخص اپنے آپ میں سہما ہوا سا ہے
دیکھو تو شہر سوچو تو ویرانیاں بہت
لیٹا ہوا پنگوڑے میں تکتا ہے آسماں
لکھی ہوئی ہیں آنکھوں میں حیرانیاں بہت
زائیدگان شب کو گوارا نہیں سحر
ڈستی ہیں ان کو صبح کی تابانیاں بہت
دیں کیسے اس کا ہاتھ زمانے کے ہاتھ میں
اب تک تو کی ہیں اس کی نگہبانیاں بہت
پل بھر خوشی بھی ہم نے غنیمت شمار کی
رہتی ہیں یوں بھی دل کو پریشانیاں بہت
کن پتھروں سے ہم نے تراشے ہیں روز و شب
کام آ گئیں ہماری گراں جانیاں بہت