پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حامد یزدانی کی غزلیں — Hamid Yazdani Ghazals

حامد یزدانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھوم رہے ہیں آنگن آنگن چاند ہوا اور میں (غزل)

گھوم رہے ہیں آنگن آنگن چاند ہوا اور میں

ڈھونڈ رہے ہیں بچھڑا بچپن چاند ہوا اور میں

بھولا بسرا افسانہ ہیں آج اس کے نزدیک

کل تک تھے جس دل کی دھڑکن چاند ہوا اور میں

خوابوں سے بے نام جزیروں میں گھومے سو بار

یادوں کا تھامے ہوئے دامن چاند ہوا اور میں

اپنے ہی گھر میں ہیں یا صحرا میں گرم سفر

کیوں کر سلجھائیں یہ الجھن چاند ہوا اور میں

آج کے دور میں اپنی ہی پہچان ہوئی دشوار

دیکھ رہے ہیں وقت کا درپن چاند ہوا اور میں

رنگ کا ہالہ خوشبو کا اک جھونکا کچھ تو ملے

کب سے ہیں آوارۂ گلشن چاند ہوا اور میں

پرچھائیں کے پیچھے بھاگے کھوئے خلاؤں میں

نکلے آپ ہی اپنے دشمن چاند ہوا اور میں

جانے کس کی کون ہے منزل پھر بھی ہیں اک ساتھ

گھوم رہے ہیں تینوں بن بن چاند ہوا اور میں

عریانی کا دوش کسے دیں اپنی ہے تقدیر

خود ہی جلا بیٹھے پیراہن چاند ہوا اور میں

تمہیں خواہش کو چھونے کی تمنا ہے (نظم)

تمہیں خواہش کو چھونے کی تمنا ہے

خواہشیں تو اڑتی‌ پھرتی تتلیاں ہیں

ڈاک کی ناکارہ ٹکٹیں تو نہیں ہیں

جنہیں البم میں رکھ کر تم یہ سمجھو

کہ یہ نایاب چیزیں اب تمہاری دسترس میں ہیں

تمہیں سپنے پکڑنے کی تمنا ہے

نہیں یہ غیر ممکن ہے

کہ سپنے ان چھوئے لمحوں کے نازک عکس ہیں

آرائشی بیلیں نہیں

جو کمرے کی کسی دیوار پر سج کر

تمہاری دید کا احساں اٹھائیں

تمہیں کہرے کے بھیگے پھول چننے کی تمنا ہے

یہ کہرا تو چراغ‌ موسم گل کا دھواں ہے

کوئی دیوار برلن پر کھنچی تحریر یا نقشہ نہیں

جسے جس وقت جو چاہے بدل دے

یا مٹا دے

سبز رو کہرا پکڑنا اس قدر آساں نہیں

سنو

دیوانگی چھوڑو

چلو واپس حقیقت میں چلیں