پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حامد لطیف کی غزلیں — Hamid Lateef Ghazals

حامد لطیف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر بات کا جواب سا ہے بھی نہیں بھی ہے (غزل)

ہر بات کا جواب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

چہرہ ترا کتاب سا ہے ہے بھی نہیں بھی ہے

دیکھا ہے اس کو پر نہیں دیکھا بتائیں کیا

اس رخ پر اک نقاب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

کرنا تو چاہتے ہیں بہت کچھ اگر مگر

ذہنوں میں انقلاب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

کہہ تو دیا ہے ہم نے سر بزم حال دل

سن کر وہ لا جواب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

آنا تو چاہتے ہیں مرے پاس وہ مگر

ان کو کچھ اجتناب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

وہ محو گفتگو ہو تو لگتا ہے یوں مجھے

بجتا ہوا رباب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

اس کی گلی میں حال ہر اک نا مراد کا

مجھ خانماں خراب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

وہ ہم کو مل گئے ہیں ملے ہیں مگر کہاں

اک درمیاں حجاب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

حامدؔ نشہ شراب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

ساغر میں آفتاب سا ہے بھی نہیں بھی ہے

گر مجھ سے خفا ہو تو سزا کیوں نہیں دیتے (غزل)

گر مجھ سے خفا ہو تو سزا کیوں نہیں دیتے

مجھ کو بھری محفل سے اٹھا کیوں نہیں دیتے

ہوتا ہے فقط جن سے اندھیروں میں اضافہ

تم ایسے چراغوں کو بجھا کیوں نہیں دیتے

بیمار تمہارے لب دم ہیں ذرا دیکھو

تم کیسے مسیحا ہو دوا کیوں نہیں دیتے

وہ جنس گراں جس کو وفا کہتی ہے دنیا

بازار میں بکتی ہے تو لا کیوں نہیں دیتے

رہتے ہو رگ جاں سے بھی نزدیک یہ مانا

تم ڈھونڈنے والوں کو پتا کیوں نہیں دیتے

محفل میں جو حال دل پر درد تمہارا

وہ پوچھ رہا ہے تو بتا کیوں نہیں دیتے

حامدؔ تمہیں منزل کا پتا جس نے بتایا

تم ایسے مسافر کو دعا کیوں نہیں دیتے

مگر مصروفیت اتنی (نظم)

مگر مصروفیت اتنی

کہ فرصت ہی نہیں ملتی تھی

تجھ سے بات کرنے کی

مگر صد شکر

مجھ کو آج کل فرصت ہی فرصت ہے

کروں کیا ایک مدت سے

میری خواہش ہے حسرت ہے

کہ تجھ سے گفتگو ہوتی

سو اب آ جا کسی بھی دن

کسی بھی وقت

تیرا دل جہاں چاہے

کسی جنگل میں چشمے کے کنارے

کسی پربت کسی صحرا

کسی گلشن میں

ویرانے میں بستی میں

ہجوم کیف و مستی میں

جہاں بھی تیرا دل چاہے

نہیں ہرگز میں اس قابل

مگر پھر بھی یہی کہتا ہے میرا دل

اے خدائے لم یزل

کہیں اک بار مجھ سے مل