حامد مختار حامد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی تقدیر کا شکوہ نہیں لکھا میں نے (غزل)
اپنی تقدیر کا شکوہ نہیں لکھا میں نے
خود کو محروم تمنا نہیں لکھا میں نے
اے قلم کرنا مرے ہاتھ کی لغزش کو معاف
تجھ سے شاہوں کا قصیدہ نہیں لکھا میں نے
گر نہ جائے ترے معیار سے انداز حروف
یوں کبھی نام بھی تیرا نہیں لکھا میں نے
ہوں اسی جرم کی پاداش میں پیاسا شاید
تپتے صحراؤں کو دریا نہیں لکھا میں نے
آج کا خط ہی اسے بھیجا ہے کورا لیکن
آج کا خط ہی ادھورا نہیں لکھا میں نے
جو نہ پہچان سکا وقت کی نبضیں حامدؔ
اس مسیحا کو مسیحا نہیں لکھا میں نے
ایک انسان ہوں انساں کا پرستار ہوں میں (غزل)
ایک انسان ہوں انساں کا پرستار ہوں میں
پھر بھی دنیا کی نگاہوں میں گنہ گار ہوں میں
گردش وقت نے اس حال میں چھوڑا ہے مجھے
اب کسی شہر کا لوٹا ہوا بازار ہوں میں
در پہ رہنے دے مجھے ٹاٹ کا پردہ ہی سہی
تیرے اسلاف کا چھوڑا ہوا کردار ہوں میں
کتنا مضبوط ہے اے دوست تعلق کا محل
برف کی چھت ہے جو تو ریت کی دیوار ہوں میں
خون بر دوش ہوں میں زنگ رسیدہ تو نہیں
ہے مجھے فخر کہ ٹوٹی ہوئی تلوار ہوں میں
یہ جفاؤں کی سزا ہے کہ تماشائی ہے تو
یہ وفاؤں کی سزا ہے کہ پئے دار ہوں میں
ہاتھ پھیلا تو کسی سائے نے روکا حامدؔ
اس سے پوچھا تو کہا جذبۂ خود دار ہوں میں