پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حامد جیلانی کی غزلیں — Hamid Jillani Ghazals

حامد جیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھول جا مت رہ کسی کی یاد میں کھویا ہوا (غزل)

بھول جا مت رہ کسی کی یاد میں کھویا ہوا

اس اندھیرے غار میں کچھ بھی نہیں رکھا ہوا

روشنی مل جائے تو مطلب عبارت کا سمجھ

ہے کتاب خاک میں کالک سے کچھ لکھا ہوا

چھو کے جب دیکھا مجھے بے حد پشیمانی ہوئی

وہم کا پیکر تھا میرے سامنے بیٹھا ہوا

اس مکاں میں دیر سے شاید کوئی رہتا نہیں

در کھلے دالان سارا کائی میں ڈوبا ہوا

جاگتا ہے پھر بھی آنکھوں میں ہے منظر نیند کا

خواب کی صورت ہوں اس کے ہر طرف پھیلا ہوا

سب کے سب حامدؔ یہاں گم سم ہیں اپنے آپ میں

ہوں کھلونوں سے سجے بازار میں آیا ہوا

دیکھنے والے کو باہر سے گماں ہوتا نہیں (غزل)

دیکھنے والے کو باہر سے گماں ہوتا نہیں

آگ کچھ ایسے لگائی ہے دھواں ہوتا نہیں

اپنے ہونے کی خبر دیتا ہے خوشبو سے مجھے

پھیلتا ہے چار سو اور درمیاں ہوتا نہیں

روشنی کر دے تماشا گاہ سے دہشت مٹے

کہر اتنا ہے کہ پس منظر عیاں ہوتا نہیں

سوچنا چاہو تو زیر پا ملے ہفت آسماں

دیکھنا چاہو تو زینے کا نشاں ہوتا نہیں

منتظر رہنے سے حامدؔ قفل کو ضربیں لگا

آپ ہی کھل جائے در ایسا یہاں ہوتا نہیں

ابھی تک اسے ڈھونڈنے کے لئے (نظم)

ابھی تک اسے ڈھونڈنے کے لئے

کوئی نکلا نہیں

وہ جسے بھیڑ میں کھو دیا تھا کہیں

گنگ الفاظ کی لالٹینوں کو روشن کئے

اپنے اپنے دریچوں میں لٹکا دیا

اور بجلی کڑکتے دھواں دھار موسم میں بھی

اس طرح منتظر ہیں کہ کچھ دیر تک

سرمدی سنکھ بجتے ہی چاروں طرف

اپنے ہونے کا اظہار کرتا ہوا

آپ ہی وہ کہیں سے پلٹ آئے گا