حامد حسین حامد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زلف جاناں ہے انتہا کی شوخ (غزل)
زلف جاناں ہے انتہا کی شوخ
چشم مخمور ہے بلا کی شوخ
آپ دیکھیں تو میرے دل کا لہو
ایسی سرخی کہاں حنا کی شوخ
جان جاتی ہے مرنے والوں کی
جو ادا ہے وہ دل ربا کی شوخ
اک اشارے میں کر دیا بسمل
یہ نظر ہے تری بلا کی شوخ
ہاتھ آیا ہے اس کو تجھ سا شریر
کیوں ادائیں نہ ہوں حنا کی شوخ
اک دنیا میں آتی جاتی ہے
ہے صبا کوئے دلربا کی شوخ
مہر شرمندہ جس سے ماہ خجل
ہم نے وہ شکل چن کے تاکی شوخ
پڑھ کے بولے غزل وہ حامدؔ کی
شاعری اس کی ہے بلا کی شوخ
جو دل پہ تیر تمہاری ادا کے بیٹھے ہیں (غزل)
جو دل پہ تیر تمہاری ادا کے بیٹھے ہیں
وہ گویا بن کے فرشتے قضا کے بیٹھے ہیں
جو میکدے میں یہ مے خوار آ کے بیٹھے ہیں
نہ بے غرض کے نہ بے مدعا کے بیٹھے ہیں
صنم کدے ہوئے معمور حق پرستوں سے
بتوں کی یاد میں بندے خدا کے بیٹھے ہیں
یہ سوچتے ہیں کہ ہاتھ آئے کوئی طرز ستم
ہماری فکر میں وہ سر جھکا کے بیٹھے ہیں
جہاں میں جلوہ فروشی ہے آپ کو منظور
اسی لئے تو سر بام آ کے بیٹھے ہیں
یہی تو طالب دیدار کی تمنا تھی
نقاب آپ جو رخ سے اٹھا کے بیٹھے ہیں
لگی نہ کم ہو پس مرگ بھی یہ مطلب ہے
وہ شمع میری لحد پر جلا کے بیٹھے ہیں
ہم اپنے آپ کو اے چرخ مثل نقش قدم
کسی کی راہ طلب میں مٹا کے بیٹھے ہیں
فراق یار میں کچھ ایسی ناامیدی ہے
کہ اپنی زیست سے ہم ہاتھ اٹھا کے بیٹھے ہیں
ہمارا ان کا اسی دن تو فیصلہ ہوگا
ہم انتظار میں روز جزا کے بیٹھے ہیں
جناب شیخ بھی ہنگام مے کشی حامدؔ
ادب سے محفل رنداں میں آ کے بیٹھے ہیں