پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حامد حسن شاد کی غزلیں — Hamid Hasan Shad Ghazals

حامد حسن شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یاد رکھ کر بھی بھول جاتے ہیں (غزل)

یاد رکھ کر بھی بھول جاتے ہیں

دل میں جتنے خیال آتے ہیں

کاش دل کو بھی صاف کر لیتے

روز گنگا میں جو نہاتے ہیں

ہیں وہی بس وہی ہیں اپنے دوست

جو مصیبت میں کام آتے ہیں

چاند پر جانے والے جا پہنچے

ہم ابھی تک ہنسی اڑاتے ہیں

جو ہمیں یاد ہی نہیں کرتے

روز وہ ہم کو یاد آتے ہیں

ان کے کہنے پہ کیوں یقیں آئے

روز بے پر کی جو اڑاتے ہیں

شادؔ تکلیف دیکھ کر ان کی

خود بھی دل میں چبھن سی پاتے ہیں

تیرگی میں بھی روشنی ہوتی (غزل)

تیرگی میں بھی روشنی ہوتی

دل کو حاصل اگر خوشی ہوتی

اک نظر مجھ کو دیکھ لیتے تو

درد میں کچھ نہ کچھ کمی ہوتی

آپ جلوہ اگر نہ دکھلاتے

میرے گھر میں بھی تیرگی ہوتی

دوستوں کی طرف سے تھی امید

کاش ان سے بھی دشمنی ہوتی

میرا ارمان پورا ہو جاتا

بات ان سے اگر کبھی ہوتی

راہ غم منزل محبت میں

ان کی صورت بھی اجنبی ہوتی

شادؔ وہ چاہتے تو ممکن تھا

اپنے گھر میں بھی روشنی ہوتی