حامد الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہئے اچھا جو کسی سے تو برا لگتا ہے (غزل)
کہئے اچھا جو کسی سے تو برا لگتا ہے
کلمۂ خیر نمک پاش ذرا لگتا ہے
میں نہیں جانتا کوئی یہاں کیا لگتا ہے
جانے کیوں شہر ترا شہر مرا لگتا ہے
کشت و خون ایسا کہ شاید نہ ہوا ہوگا کبھی
دشمن انسان کا انسان ہوا لگتا ہے
کون کس سے ہے فزوں خلق میں کس طرح کھلے
ہر ہنر مند یہاں خود سے سوا لگتا ہے
ہوش مند ایسے کہاں کے ہیں یہ ارباب نشاط
جی کا جنجال سب ان کا ہی دیا لگتا ہے
تاب گویائی رہے یا نہ رہے آج کے بعد
سن لو دو بول کہ کچھ درد تھما لگتا ہے
ایسا بکھرا ہوں کہ مشکل ہے سمٹنا میرا
میرے دل میں کوئی کانٹا سا چبھا لگتا ہے
جس کا جی چاہے وہ محفل کی ستائش کر لے
ایک پردہ سا نگاہوں پہ پڑا لگتا ہے
گردش پا ہے کہ بڑھنے نہیں دیتی آگے
تیرا حامدؔ تری گلیوں کا گدا لگتا ہے
یہ رنگ روپ یہ سج دھج یہ بانکپن تیرا (غزل)
یہ رنگ روپ یہ سج دھج یہ بانکپن تیرا
روش روش ہے تری اب چمن چمن تیرا
جو دیکھ پائیں کہیں رنگ پیرہن تیرا
تو کلمہ پڑھنے لگیں شیخ و برہمن تیرا
ادائیں مست نگہ مست چال میں مستی
اس ایک دل کے لئے اف یہ ہر جتن تیرا
مرے وجود پہ بھی دسترس کہاں مجھ کو
مری نوائے جنوں ذوق فکر و فن تیرا
خدا دراز کرے عمر نغمگی حامدؔ
بہت لطیف ہے یہ دور پر محن تیرا