حمید نسیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت جادہ ہے منزل نہیں ہے (غزل)
محبت جادہ ہے منزل نہیں ہے
یہ مشکل آخری مشکل نہیں ہے
دل رہرو میں ہیں کچھ اور خطرے
خیال دوریٔ منزل نہیں ہے
خرد باطل خرد پر ناز باطل
مگر یہ تو جنوں باطل نہیں ہے
یہ دل بے مہر بھی ہے بے وفا بھی
نہیں یہ دل تو میرا دل نہیں ہے
ڈراتا ہے مجھے یوں خندۂ برق
مجھے اندیشۂ حاصل نہیں ہے
میں سب کچھ جانتا ہوں اپنا انجام
مگر اظہار کے قابل نہیں ہے
میان قعر دریا ہے سفینہ
نہیں اے ناخدا ساحل نہیں ہے
یہاں مہر و وفا نادانیاں ہیں
یہ دنیا عشق کے قابل نہیں ہے
یہ ہے مرحوم امیدوں کا مدفن
کبھی دل تھا مگر اب دل نہیں ہے
بے کراں دریا ہوں غم کا اور طغیانی میں ہوں (غزل)
بے کراں دریا ہوں غم کا اور طغیانی میں ہوں
سب حدیں ہیں پھر بھی قائم کب سے حیرانی میں ہوں
شب کی تنہائی میں مجھ کو ایسا لگتا ہے کبھی
میں ہوں روح زندگی گو پیکر فانی میں ہوں
جگمگاتی محفل اے افلاک میرا عکس ذات
لو میں ہوں انجم کی میں سورج کی تابانی میں ہوں
صبح گاہاں دشت و گلشن میں نسیم نرم موج
بیچ دریا کے بھنور ہوں اور جولانی میں ہوں
شمع بزم دلبراں ہے میری دل سوزی کی ضو
میں دل عاشق کے خوابوں کی گل افشانی میں ہوں
لوگ کیوں اس شہر کے اتنے پریشاں حال ہیں
میں کہ خوش دل تھا سدا کا اس پریشانی میں ہوں
کیا خبر میرا سفر ہے اور کتنی دور کا
کاغذی اک ناؤ ہوں اور تیز رو پانی میں ہوں
حسن کل کا آرزو مند اس تنک جانی میں ہوں
میرے قد سے جو بہت اونچا ہے اس پانی میں ہوں