پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمید ناگپوری کی غزلیں — Hameed Nagpuri Ghazals

حمید ناگپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود اپنے آپ سے ہم بے خبر سے گزرے ہیں (غزل)

خود اپنے آپ سے ہم بے خبر سے گزرے ہیں

خبر کہاں کہ تری رہ گزر سے گزرے ہیں

نفس نفس ہے معطر نظر نظر شاداب

کہ جیسے آج وہ خواب سحر سے گزرے ہیں

نہ پوچھ کتنے گل و نسترن کا روپ لئے

بہار نو کے تقاضے نظر سے گزرے ہیں

بہار خلد بہ ہر گام ساتھ ساتھ رہی

ترے خیال میں کھوئے جدھر سے گزرے ہیں

اماں ملی بھی جو ان کو تو تیرے دامن میں

وہ کارواں جو مری چشم تر سے گزرے ہیں

دلوں پہ چھوڑ گئے نقش اپنی یادوں کا

تمہارے درد کے مارے جدھر سے گزرے ہیں

حسیں ہو تم کہ تمہاری کوئی مثال نہیں

حسین یوں تو ہزاروں نظر سے گزرے ہیں

حمیدؔ پوچھ نہ آشوب دہر کا عالم

ہزار فتنۂ محشر نظر سے گزرے ہیں

قبول کر کے تیرا غم خوشی خوشی میں نے (غزل)

قبول کر کے تیرا غم خوشی خوشی میں نے

ترے جمال کو بخشی ہے زندگی میں نے

بس اک نگاہ توجہ پہ اس طرح خوش ہوں

کہ جیسے دولت کونین لوٹ لی میں نے

دھڑک رہا تھا مرے ہر نفس میں دل ان کا

سنی قریب سے آواز دور کی میں نے

زمانہ تا بہ ابد ان کو بھر نہیں سکتا

جگر پہ کھائے ہیں وہ زخم دوستی میں نے

ترے جمال کی سر مستیوں میں گم ہو کر

ہر ایک ساعت ہستی گزار دی میں نے

خدائے دو جہاں اس جرم کو معاف کرے

اڑائی ہے لب گل رنگ کی ہنسی میں نے

حمیدؔ مجھ کو زمانہ بھلا نہیں سکتا

بنا لیا ہے محبت کو زندگی میں نے