حمید کوثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نیاز و ناز کا پیکر نہ عرش پر ٹھہرا (غزل)
نیاز و ناز کا پیکر نہ عرش پر ٹھہرا
زمیں کی گود میں اترا تو بارور ٹھہرا
گدائے کوچۂ الفت نے آبرو پائی
دیار شوق میں سلطاں سے معتبر ٹھہرا
جسے نظر نے سنایا جسے نظر نے سنا
وہ گیت بربط ہستی کا زخمہ ور ٹھہرا
وفا کی راہ میں نکلے تو راہداں کی طرح
ترے جمال کا پرتو بھی ہم سفر ٹھہرا
چراغ دور سے دیکھوں تو روشنی لے لوں
یہی طریق گدائی مرا ہنر ٹھہرا
وہ ایک شخص کہ گمنام تھا خدائی میں
تمہارے نام کے صدقے میں نامور ٹھہرا
وہ در ناب کہ سیپی میں بند تھا کوثرؔ
کسی نے ڈھونڈ نکالا تو خوب تر ٹھہرا
کبھی تو رنگ حسن یار دیکھوں (غزل)
کبھی تو رنگ حسن یار دیکھوں
کہاں تک دیدۂ خوں بار دیکھوں
وہی دیکھوں جسے دیکھا نہ جائے
یہ منظر اور کتنی بار دیکھوں
پلک جھپکوں تو پھر ان پتھروں میں
کہاں ایسے محبت زار دیکھوں
کسی کا زخم دل دیکھا نہ جائے
جگر ہو تو کوئی شہکار دیکھوں
کمانیں ٹوٹتی دیکھی ہیں میں نے
گنوں باہیں کہ لپٹے ہار دیکھوں
کسی کو اس طرح دیکھوں تو روؤں
میں کیسے اپنا حال زار دیکھوں
دلوں کے سب گھڑے کچے ہیں کوثرؔ
میں کس کی راہ دریا پار دیکھوں