حمید گوہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مری آنکھوں سے ہٹ کر کچھ نہیں ہے (غزل)
مری آنکھوں سے ہٹ کر کچھ نہیں ہے
تری دنیا کا منظر کچھ نہیں ہے
کوئی نیزہ کوئی سجدہ عطا کر
ابھی تک تو مرا سر کچھ نہیں ہے
ترے جغرافیہ کی دسترس میں
مری بستی مرا گھر کچھ نہیں ہے
یہی دو چار رستے ہیں یہاں کے
یہاں کھو جائیں تو ڈر کچھ نہیں ہے
خلائیں ہاتھ آئیں گی تمہارے
مری چٹکی سے باہر کچھ نہیں ہے
ہماری ہی بدولت آ گئی ہے (غزل)
ہماری ہی بدولت آ گئی ہے
یہاں تک جو صداقت آ گئی ہے
خدا میں ہو گیا پھر اک تصادم
عقیدوں میں سیاست آ گئی ہے
ابھی کل تک در توبہ کھلا تھا
مگر اب تو قیامت آ گئی ہے
ہمارے صبر کا سونا پرکھنے
یزیدوں کی جماعت آ گئی ہے
کوئی تیرا خلا پر کر نہ پایا
جہاں تیری ضرورت آ گئی ہے
ہمارے منتظر تھے لاکھ مقتل
مگر تجھ پر طبیعت آ گئی ہے