پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمید جالندھری کی غزلیں — Hameed Jalandhari Ghazals

حمید جالندھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے دوست درد دل کا مداوا کیا نہ جائے (غزل)

اے دوست درد دل کا مداوا کیا نہ جائے

وعدہ اگر کیا ہے تو ایفا کیا نہ جائے

آنے لگے ہیں وہ بھی عیادت کے واسطے

اے چارہ گر مریض کو اچھا کیا نہ جائے

مجبوریوں کے راز نہ کھل جائیں بعد مرگ

قاتل ہمارے قتل کا چرچا کیا نہ جائے

آئے گی اپنے لب پہ تو ہوگی پرائی بات

لازم ہے راز دل کبھی افشا کیا نہ جائے

وہ خود ہی جان لیں گے مرے دل کا مدعا

بہتر یہی ہے عرض تمنا کیا نہ جائے

سینے میں راز عشق چھپایا نہ جائے گا (غزل)

سینے میں راز عشق چھپایا نہ جائے گا

یہ آگ وہ ہے جس کو دبایا نہ جائے گا

سن لیجیے کہ ہے ابھی آغاز عاشقی

پھر ہم سے اپنا حال سنایا نہ جائے گا

اب صلح و آشتی کے زمانے گزر گئے

اب دوستی کا ہاتھ بڑھایا نہ جائے گا

ہم آہ تک بھی لا نہ سکیں گے زبان پر

وہ روٹھ جائیں گے تو منایا نہ جائے گا

وہ دور ہیں تو دل کو ہے اک اضطراب سا

وہ آئیں گے تو آپ میں آیا نہ جائے گا