حمید دلکش کھنڈوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بہت بگڑا ہوا ہے دوستو گھر کا نظام اپنا (غزل)
بہت بگڑا ہوا ہے دوستو گھر کا نظام اپنا
یہ بس اوپر ہی اوپر دیکھ لو سب ٹیم ٹام اپنا
نہیں دیتا نہ دے اے ساقئ محفل تو جام اپنا
یہاں بیڑی کے ادھوں سے بھی چل جاتا ہے کام اپنا
نکلوایا مجھے محفل سے دھکے دے کے ظالم نے
نظر آیا ہے برسوں بعد یہ عالی مقام اپنا
خدا کے واسطے لوگو بچا لو اپنے بھارت کو
ہمارے دیش بھگتوں سے کہو سمجھیں مقام اپنا
ابھی کڑکی میں ہیں احباب کترا کر نکلتے ہیں
جو دن پلٹے تو پھر سب ہی کریں گے احترام اپنا
تواضع کرتے کرتے ایک دن وہ خودکشی کر لے
کسی کے گھر پہ اتنے دن نہ فرماؤ قیام اپنا
نہ چائے آئی نہ پان آئے نہ وہ آئے یہاں دلکشؔ
یہی آداب محفل ہیں تو محفل کو سلام اپنا
اٹھا لے بڑھ کے اسے یہ حرام تھوڑی ہے (غزل)
اٹھا لے بڑھ کے اسے یہ حرام تھوڑی ہے
یہ روح افزا ہے ٹھرے کا جام تھوڑی ہے
یہ فضل ربی ہے رشوت نہ بولئے اس کو
تو ایسے مال کا کھانا حرام تھوڑی ہے
شریف لوگوں کو جو چاہے بول دیتے ہیں
حرام خوروں کے منہ میں لگام تھوڑی ہے
ہماری طرح ہی رزق حلال کھائے جو
ہمارے نیتا کا ایسا مقام تھوڑی ہے
یہ جھونپڑی ہے یہاں یوں ہی کام چلتا ہے
کسی رئیس کے گھر کا نظام تھوڑی ہے
عظیم شعرا سے حاصل ہوئے ہیں یہ تحفے
جو پڑھ رہا ہوں یہ میرا کلام تھوڑی ہے
تمہارا حکم بجا لائے کس لئے دلکشؔ
تمہارے باپ کا کوئی غلام تھوڑی ہے