پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

حمید الماس کی غزلیں — Hameed Almas 2 Ghazals

حمید الماس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں بھی کیا تھا اور اب کیا رہ گیا (غزل)

یوں بھی کیا تھا اور اب کیا رہ گیا

میں اکیلا تھا اکیلا رہ گیا

ہجر میں ہے کون کتنا بے قرار

لیکن ان باتوں میں اب کیا رہ گیا

مصلحت کافر تھی باز آئی نہیں

دل وہ ناداں تھا کہ روتا رہ گیا

ساقیٔ عمر دو روزہ یاد رکھ

میری جانب سے تقاضہ رہ گیا

چارہ سازو بھول جاؤں گا اسے

اب سناؤ زخم کتنا رہ گیا

زندگی کچھ اس طرح کٹتی گئی

جیسے کوئی ہاتھ ملتا رہ گیا

بھیڑ تنہائی کی چھٹتی ہی نہیں

ہر طرف چہرہ ہی چہرہ رہ گیا

موت کیا آتی بچھڑ کر دوست سے

دیکھ لو الماسؔ زندہ رہ گیا

چرا کے میرے طاق سے کتاب کوئی لے گیا (غزل)

چرا کے میرے طاق سے کتاب کوئی لے گیا

مری تمام عمر کا حساب کوئی لے گیا

یہ واقعہ ہے جب لٹی مرے چمن کی آبرو

لرزتی شاخ رہ گئی گلاب کوئی لے گیا

وہی تو اک ذریعۂ نجات میرے پاس تھا

مگر مرے ضمیر کا ثواب کوئی لے گیا

سوال بن کے روبرو کھڑی ہوئی تھی زندگی

مرا لہو نچوڑ کر جواب کوئی لے گیا

مرے بدن میں چبھ رہی تھیں سوئیاں سی رات بھر

سحر ہوئی تو لطف اضطراب کوئی لے گیا

چھپا لیا ہے میں نے سارا درد اپنی روح میں

تسلیوں کا ظاہری نقاب کوئی لے گیا

ندا آئی (نظم)

ندا آئی

انبوہ شیدائیاں

نازنینان شہر تخیل

غزالان فکر و نظر

غم گساران دار و صلیب و رسن

دیر سے عقیدت کی نایاب سوغات لے کر

در گنبد فن پہ سجدہ کناں ہیں

پئے دیدن منظر شاد کاماں

بڑی تمکنت سے اٹھا

اٹھ کے میں نے

جو دیکھا تو حد نظر تک فروکش

لہو کی لکیروں کا اک کارواں تھا

کبھی جو رگ و پے میں میری رواں تھا