حمدون عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سلسلہ سانسوں کا یوں بے ضابطہ ہو جائے گا (غزل)
سلسلہ سانسوں کا یوں بے ضابطہ ہو جائے گا
رات دن پینا ہی جہد لا بقا ہو جائے گا
جز و لا ینفک رہے گر زیست کے کرب و الم
میرا اپنا آپ کچھ ہو عین لا ہو جائے گا
گر یوں ہی ایذا کش حالات رہنا ہی پڑا
کچھ کا کچھ سب اور جانے کیا سے کیا ہو جائے گا
بعد تیرے پیٹھ سورج کی طرف کرنی پڑی
ہو نہ ہو اب مجھ سے سایہ بھی جدا ہو جائے گا
دن بہ دن گرتے رہے اقدار تو انجام کار
کل کو جو کچھ ناروا تھا سب روا ہو جائے گا
قافلے یادوں کے یوں آتے رہے تو ایک دن
قطرہ قطرہ آنسوؤں کا بے حیا ہو جائے گا
صرف اک جست جنوں تک ہے یہ دشت این و آں
بعد اس کے جو بھی کھوٹا ہے کھرا ہو جائے گا
ڈوب جاؤں گا کسی ساغر میں اک دن میرا کیا
جس کا جو کچھ بھی ہے مجھ پر وہ ادا ہو جائے گا
کرب وحشت الجھنیں اور اتنی تنہائی کہ بس (غزل)
کرب وحشت الجھنیں اور اتنی تنہائی کہ بس
جانے کیوں تقدیر نے لی ایسی انگڑائی کہ بس
جب کبھی بھولے سے بھی آئینہ دیکھا تیرے بعد
اپنی ہی صورت میں وہ صورت نظر آئی کہ بس
توڑنے جب بھی چلا زندان آب و گل کو میں
جانی پہچانی ہوئی آواز اک آئی کہ بس
چلچلاتی دھوپ غم کی حادثوں کے سائباں
سوچ کا تپتا یہ صحرا اور یہ پروائی کہ بس
کاش نا بینا ہی رہتا اس مقار خانہ میں
تحفۃً دنیا نے دی ہے ایسی بینائی کہ بس
نوچتی کب تک رہیں گی یوں برہنہ خواہشیں
تا بہ کے ہوتی رہے گی ایسی رسوائی کہ بس
میں ہوں اے حمدونؔ اک زندہ گرفتار لحد
اپنی ہی تقدیر سے ٹھوکر وہ ہے کھائی کہ بس