ہمدم صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ضبط سے کام لے آہوں میں اثر ہونے تک (غزل)
ضبط سے کام لے آہوں میں اثر ہونے تک
شمع ہر رنگ میں جلتی ہے سحر ہونے تک
وہ نشیمن بھی تو صیاد مرا چھوٹ گیا
ہم بچائے تھے جسے نذر شرر ہونے تک
تم نہ آئے تو شب ہجر ستارے چن کر
ہم نے پلکوں میں سجائے تھے سحر ہونے تک
سلسلہ گریۂ پیہم کا نہ چھوٹے یا رب
اس کے دامن کا مرے اشکوں سے تر ہونے تک
اپنا مسلک ہے یہی کار گہہ رزم حیات
کشمکش جاری رہے معرکہ سر ہونے تک
منتظر آپ رہیں ہم تو چلے اے ہمدمؔ
نخل گلزار تمنا میں ثمر ہونے تک
درد آخر درد ہے آہ و فغاں ہوگا ضرور (غزل)
درد آخر درد ہے آہ و فغاں ہوگا ضرور
آگ لگتی ہے جہاں پر بھی دھواں ہوگا ضرور
میں زمانے سے زمانہ مجھ سے برہم ہے مگر
ایک دن اپنا زمین و آسماں ہوگا ضرور
لاکھ لہراتی رہیں یہ بجلیاں چاروں طرف
عندلیبان چمن کا آشیاں ہوگا ضرور
عزم محکم شرط ہے رخت سفر میں راہرو
نزد منزل ایک دن یہ کارواں ہوگا ضرور
کون تھا جو فکر عالم پر اچانک چھا گیا
ہو نہ ہو کوئی ہمارے درمیاں ہوگا ضرور
قبل اس کے ہر قدم آگے بڑھے یہ سوچ کر
سر جہاں ٹوٹا ہے دیوانہ وہاں ہوگا ضرور
جائزہ لیتے رہو ہمدمؔ کتاب زیست کا
آنے والا کل تمہارا امتحاں ہوگا ضرور